جماعت اسلامی، تحریک انصاف کا خیبر پی کے میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق، کمیٹی قائم
ور (ثناءنیوز) جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کا خیبر پی کے میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ حتمی فیصلہ 26 مارچ کو کیا جائے گا۔ دونوں جماعتوں نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے طریقہ کار طے کرنے کےلئے 6رکنی کمیٹی بنا دی ہے جس میں دونوں طرف سے تین، تین ارکان کو شامل کیاگیا ہے۔ مذکورہ کمیٹی دس روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر ابراہیم اور پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر اسد قیصر نے پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26 مارچ کو سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی سے کسی بھی طور اتحاد نہیں کرے گی۔ دونوں جماعتوں کی وجہ سے جمہوریت بدنام ہوئی ہے۔ پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کےلئے جماعت اسلامی اور تحریک انصاف مل کر کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کےلئے مخلص دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی اتحاد ہو سکتا ہے تاہم لٹیروں اور ملک کو تباہ کرنے والی جماعتوں سے کوئی اتحاد نہیں ہو گا۔
سیٹ ایڈجسٹمنٹ