• news

قطر فٹبال ایسوسی ایشن کا پاکستان میں کھیل کی ترقی کیلئے معاونت کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) قطر فٹبال ایسوسی ایشن نے گراس روٹ لیول پر پاکستان میں فٹبال کی ترقی اور فروغ کے لیے فٹبال فیڈریشن کی تکنیکی معاونت کا فیصلہ کیا ہے اس فیصلے کی روشنی میں رواں سال پاکستان کے کوچز اور کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت دینے کے لیے پروگرام پر عمل شروع ہو جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ گذشتہ روز قطر فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر شیخ حماد بن خلیفہ الثانی کی فیفا فٹبال ہاوس لاہور میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات کے ساتھ خصوصی ملاقات میں کیا گیا۔ اس موقع پر پی ایف ایف کے سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمد یار لودھی بھی موجود تھے۔ فیفا فٹبال ہاوس لاہور میں شیخ حماد بن خلیفہ الثانی اور صدر پی ایف ایف کے درمیان تین گھنٹے تک ملاقات جاری رہی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے فٹبال حکام کے درمیان معاملات طے پانے کے بعد مستقبل میں پاکستانی کھلاڑی قطر میں جا کر مختلف کلبوں کی بھی نمائندگی کر سکیں گے۔ پاکستان اور قطر کے درمیان فٹبال سیریز کے انعقاد کے بارے میں بھی غور کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن