ون ڈے سیریز : جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ہرا کر 2-1 کی برتری حاصل کر لی
جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ نے پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کو34 رنز سے ہرا کر دو ایک کی برتری حاصل کر لی۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پروٹیز بلے بازوں نے پاکستان باﺅلرز کی خوب پٹائی کی اور رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گر جب گریم سمتھ 3 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ہاشم آملہ اور انگرام نے سکور 42 تک پہنچایا تو انگرام محمد عرفان کی گیند کا نشانہ بنے اور 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ہاشم آملہ اور کپتان اے بی ڈویلیئرز نے اننگز کو سنبھالا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ 238 رنا بنائے۔ اس دوران ہاشم آملہ اور اے بی ڈویلیرز نے اپنی سنچریاں بھی مکمل کیں۔ ہاشم آملہ 113 گیندوں پر 122 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر آﺅٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔ اے بی ڈویلیرز 108 گیندوں پر 128 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ پلیسس 19 گیندوں پر 45 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ بہاردین 6 اور میکلیرن صفر رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔ جنوبی افریقہ نے 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 343 رنز کا مجموعہ سجایا۔ محمد عرفان نے 34 رنز کے عوض 2، وہاب ریاض نے 93 رنز کے عوض 2، سعید اجمل نے 62 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ جنید خان نے 42 رنز دیئے، شاہد آفریدی نے 7 اوورز میں 55، محمد حفیظ نے 6 اوورز میں 49 رنز دیئے مگر ان کو وکٹ نہ ملی۔ قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور 15 کے مجموعی سکور پر اوپنر ناصر جمشید 10 رنز بنا کر تسوبے کی گیند پر ہاشم آملہ کو کیچ دے بیٹھے۔ محمد حفیظ اور کامران اکمل نے سکور 97 رنز تک پہنچایا۔ اس وقت کامران اکمل 30 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔ 111 کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ بھی 57 رنز بنا کر چلتے بنے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ یونس خان کو 123 کے مجموعی سکور پر پیٹرسن نے بولڈ کر دیا۔ انہوں نے 19 رنز بنائے۔ 132 کے مجموعی سکور پر شعیب ملک بھی ہمت ہار گئے اور صرف 4 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔ کپتان مصباح الحق اور آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے اننگز کو سنبھالا دیا۔ کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی نے سکور کو 203 رنز تک پہنچایا تو کپتان مصباح 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شاہد آفریدی نے دھواں دھار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا مگر 244 کے مجموعی سکور پر وہ 88 رنز بنا کر کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ اس دوران انہوں نے ایک چھکے پر گیند کو سٹیڈیم سے باہر پھینک دیا۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے 48 گیندوں کا سامنا کیا۔ 282 کے مجموعی سکور پر سعید اجمل بھی 8 رنز بناکر میکلیرن کی گیند پر کلین ویلٹ کو کیچ تھما بیٹھے۔ 204 کے مجموعی سکور پر ڈیل سٹین نے جنید خان کو کیچ اینڈ بولڈ کر دیا وہ 12 گیندوں پر 9 رنز بنا سکے۔ کلین ویلٹ نے وہاب ریاض کو بولڈ کر دیا وہ 48 رنز بنا سکے۔ قومی ٹیم 48.1 اوورز میں 309 رنز بناکر آ¶ٹ ہو گئی۔رائن میک لیرن اور لونوابوسوٹسو بے نے تین تین، روبن پیٹرسن نے دو جبکہ ڈیل سٹین اور وی کلینڈ ویلڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اے بی ڈویلئرز اور ہاشم آملہ کو مشترکہ طور پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا،۔ سیریز کا چوتھا میچ 21 مارچ کو دن ایک بجے شروع ہو گا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے میچ میں شکست کے بعد کہا کہ باﺅلرز نے مایوس کیا جس کی وجہ سے 300 سے زائد کا ٹارگٹ بن گیا۔ شاہد آفریدی اور محمد حفیظ نے اچھی اننگز کھیلی۔ آفریدی جب کھیل رہے تھے تو لگ رہا تھا ہم جیت جائیں گے مگر ان کے آﺅٹ ہونے پر امیدیں ختم ہو گئیں۔ آئندہ میچز میں کم بیک کرینگے۔ پروٹیز کپتان ڈویلئرز نے کہا کہ ہاشم آملہ اور ان کے درمیان ورلڈ ریکارڈ پارٹنرشپ ہی میچ کا ٹرننگ پوائنٹ تھی۔ آفریدی نے اچھی اننگز کھیلی۔ باقی میچز جیت کر سیریز جیتیں گے۔