بادامی باغ واقعہ پر پوائنٹ سکورنگ شجاعت کی تنگ نظری ہے: رانا ثنائ
لاہور(خبرنگار) وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ بادامی باغ واقعہ پر سیاست چمکانے کی کوشش کرنے والے اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو سہارا نہیں دے سکتے۔ اس واقعہ کی آڑ میں پوائنٹ سکورنگ چوہدری شجاعت کی تنگ نظری کی علامت ہے۔ چوہدری شجاعت کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ بادامی باغ واقعہ پر سیاست چمکانا افسوسناک ہے اور مذہب کے نام پر سیاست کرنےو الے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ بادامی باغ میں ملوث 150سے زائد افراد گرفتار کئے جا چکے ہیں جبکہ متاثرہ خاندانوں میں پانچ پانچ لاکھ روپے کے امدادی چیک بھی تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بادامی باغ کی متاثرہ کالونی میں 60مکانوں اور 2گرجا گھروں کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا ہے جبکہ باقی گھروں کی تعمیر و مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے اور 400مزدور دن رات کام میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی وزراء،ارکان اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بادامی باغ میں بحالی و تعمیر اتی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔