• news

نگران حکومت مشرف کی گرفتاری کی پابند ہے: رضا ربانی

اسلام آباد(آن لائن) پیپلزپارٹی کے راہنماءاور سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ سینٹ کی متفقہ قرارداد کی روشنی میں آنے والی نگران حکومت سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی وطن واپسی پر اس کی گرفتاری کی پابند ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینٹ نے23 جنوری 2012ءکو متفقہ قرارداد منظور کی جس کی تمام سیاسی جماعتوں بشمول پاکستان مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کی حمایت بھی شامل تھی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مشرف نے دو بار آئین توڑا‘ دو بار اعلی عدلیہ کے ججوں کو ہٹایا‘ بے نظیر بھٹو اور اکبر بگٹی کے قتل میں ملوث ہیں۔ بلوچستان کے عوام کیخلاف مجرمانہ بھی کیں اور نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) میں صوبے کا حصہ کم کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد مطالبہ کرتی ہے کہ وفاقی حکومت انہیں گرفتار کرے اور آئین کی دفعہ 6 کے تحت مقدمہ درج کرے۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد نگران حکومت کو اس بات کی بھی پابند کرتی ہے کہ اگر مشرف ملک میں اترتا ہے تو نگران حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ اسے گرفتار کرکے اس کیخلاف کارروائی کرے۔

ای پیپر-دی نیشن