صدر آج یا کل انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرینگے، الیکشن کمشن شیڈول جاری کرے گا
اسلام آباد (ثناءنیوز) صدر آصف علی زرداری آج یا کل عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں گے اور الیکشن کمشن عام انتخابات کا تفصیلی شیڈول جاری کرے گا الیکشن کمشن عام انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کو کل انتخابی نشان الاٹ کرے گا الیکشن کمیشن نے مجوزہ انتخابی شیڈول حکومت کو فراہم کردیا تھا ایوان صدر کی جانب سے شیڈول کا جائزہ لے کر عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائیگا، پولنگ کے لئے 8یا 9 مئی کی تاریخیں تجویز کی گئی ہیں، الیکشن کمشن کے ذرائع کے مطابق حکومت کو بتایا گیا ہے کہ 16 مارچ کو قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد اب انتخابی شیڈول 21 مارچ سے قبل جاری کرنا ہو گا، شیڈول کے اجرا ءکے بعد 6 روز تک کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے، اگلے سات روز جانچ پڑتال ہوگی، کاغذات نامزدگی منظور اور مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں داخل کرنے کے لئے چار روز ہوں گے، اپیلوں کی سماعت کے لئے سات روز رکھے جائیں گے، ایک روز کاغذات نامزدگی کی واپسی کے لئے ہوگا اور اگلے روز امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی، جس کے 21 دن بعد پولنگ ہوگی اور یوں یہ سارا انتخابی عمل 50 روز میں مکمل ہوجائے گا، صدر الیکشن کمشن کی مجوزہ تاریخوں سے ہٹ کر بھی تاریخ کا اعلان کر سکتے ہیں تاہم اس بات کو مدنظر رکھنا ضروری ہوگا کہ انتخابی عمل اسمبلی کی تحلیل کے 60 روز کے اندر مکمل ہو، صدر کی جانب سے تاریخ کے اعلان کے بعد اس کے مطابق انتخابی شیڈول کو دوبارہ حتمی شکل دی جائے گی۔ جن سیاسی جماعتوں نے انتخابی نشانات کیلئے درخواستیں دی ہیں انہیں اپنے نمائندے نامزد کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔