معروف ادیب اور نوائے وقت کے کالم نگار خالد احمد انتقال کر گئے
لاہور (کلچرل رپورٹر) معروف شاعر، ادیب، ڈرامہ نگار اور نوائے وقت کے کالم نگار خالد احمد گذشتہ رات انتقال کر گئے۔ انکی عمر 70برس تھی اور وہ کچھ عرصہ سے پھپیھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے۔ انہوں نے سوگواروں میں بیوہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔ انکی شاعری اور نثر کی متعدد کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ انکی پہلی کتاب ”تشبیب“ تھی۔ اس کے علاوہ ”ہتھیلیوں پر چراغ“، ”پہلی صدا پرندے کی“، ”ایک مٹھی ہوا“ بھی شائع ہو چکی ہیں۔ انکی آخری کتاب ”نم گرفتہ“ کی تقریب رونمائی چند روز قبل ہوئی تھی۔ انہوں نے ٹی وی کیلئے کئی ڈرامے بھی لکھے جن میں ”کاجل گھر“ کافی مقبول ہوا۔ خالد احمد معروف افسانہ نگار ہاجرہ مسرور اور خدیجہ مستور کے بھائی تھے۔ وہ کئی برسوں سے ”لمحہ لمحہ“ کے عنوان سے نوائے وقت کیلئے کالم لکھ رہے تھے۔