شہباز شریف سے جے یو پی کے وفد کی ملاقات‘ عام انتخابات میں تعاون پر اتفاق
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں جمعیت علمائے پاکستان کے سینئر نائب صدر مولانا شاہ اویس نورانی، چیئرمین سپریم کمونسل پیر اعجاز ہاشمی اور مرکزی جنرل سیکرٹری قاری زوار بہادر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور عام انتخابات میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے پاکستان نے انتخابات میں تعاون پر اتفاق کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دی جس میں مسلم لیگ ن کی طرف سے خواجہ سعد رفیق، حمزہ شہباز شریف اور زعیم قادری جب کہ جے یو پی کی طرف سے پیر اعجاز ہاشمی، قاری زوار بہادر اور ڈاکٹر جاوید اعوان شامل ہوں گے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مسلم لیگ ن اور جے یو پی دونوں پاکستان بنانے والی جماعتیں ہیں اور وہ مل کر انتخابات میں لٹیروں اور بدعنوان عناصر کا راستہ روکیں گی۔ وزیراعلی شہباز شریف نے اس موقع پر مسلم لیگ ن اور جے یو پی کے درمیان ہم آہنگی اور انتخابی تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور آئندہ عام انتخابات ملک کی تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں۔ یہ انتخابات پاکستان بنانے اور بچانے کے لئے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ عوام عام انتخابات میں مخلص اور دیانتدار قیادت سامنے لائیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں انسداد ڈینگی مہم کیلئے ایکشن پلان پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈینگی کے لاروے کے خاتمے کیلئے یونین کونسل کی سطح پر مہم شروع کردی گئی ہے جبکہ مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جہاں پر تمام ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔ ڈینگی لاروے کے خاتمے کیلئے تمام ضروری ادویات اور کیمیکل منگوا لئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کی تھرڈ پارٹی سے مانیٹرنگ کرائی جائے اور اس مقصد کیلئے موثر ادارہ جاتی میکینزم بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کا ادارہ جاتی میکینزم بنانے کیلئے وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی۔ کمیٹی کے دیگر ممبران میں وائس چانسلر انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ اور ڈاکٹر وسیم شامل ہیں۔ گزشتہ روز وہ ماڈل ٹاﺅن میں انسداد ڈینگی مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ڈینگی کی ممکنہ وباءکی روک تھام کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے کیونکہ انسانی زندگیوں کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی چیز اہمیت نہیں رکھتی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی مہم پنجاب بھر میں مو¿ثر طریقے سے چلائی جائے اور متعلقہ عملے کیلئے ریفریشر کورسز کا اہتمام کیا جائے۔ ڈینگی کو نصاب کا حصہ بنا دیا گیا ہے اور امتحانات میں ڈینگی سے متعلق ایک سوال لازمی کر دیا گیا ہے تاکہ بچوں میں ڈینگی کے مرض کے بارے میں آگاہی پیدا ہو۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ ڈینگی کی مستقل روک تھام اور سائنسی بنیادوں پر کام کرنے کے حوالے سے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قبرستانوں، ٹائر شاپس اور کباڑخانوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے جبکہ پارکوں اور کھلے مقامات پر پڑا ملبہ فوری اٹھایا جائے۔ اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی مہم کے انتظامات سے عوام کو آگاہ کرنے کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے انسداد ڈینگی مہم کے ایکشن پلان پر ہر محکمہ مکمل عملدرآمد یقینی بنائے اور ڈویژنل کمشنرز اور اضلاع کے ڈی سی اوز انتظامات کی خود نگرانی کریں۔ دریں اثنا شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہمی کی پالیسی کے تحت صوبے بھر میں نئے ہسپتال بنائے گئے ہیں اور گزشتہ پانچ سالوں میں عوام کو صحت کی جدید سہولتوں اور مفت ادویات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ شاہدرہ میں 300 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال اہل علاقہ کے لئے پنجاب حکومت کا انمول تحفہ ہے۔ وہ شاہدرہ میں نئے تعمیر ہونے والے جدید ترین ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ ایک ارب روپے کی لاگت سے ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والے اس ہسپتال میں جدید مشینری اور ماہر ڈاکٹرز تعینات کئے گئے ہیں۔ شاہدرہ میں شاندار اور عظیم الشان ہسپتال کی تکمیل پر اہل علاقہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے نگران سیٹ اپ کے لئے مرکز اور پنجاب میں اچھی اور معتبر شخصیات کے نام دیئے ہیں جن پر قوم متفق ہے۔ علاوہ ازیںشہباز شریف نے کہا کہ عوام کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کے پیش نظر صوبے بھر میں خوبصورت پارک بنائے گئے ہیں ان پارکوں میں جوگنگ ٹریک، جم، بچوں کے کھیلنے کی جگہیں، سولر لائٹس، کنٹین اور واکنگ ٹریک بنائے گئے ہیں۔ خواتین کے لئے علیحدہ پارک بنائے گئے ہیں جہاں ان کے لئے بہترین تفریحی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ سبزہ زار کے علاقے میں 44 کنال اراضی پر مشتمل کلثوم نواز لیڈیز پارک 3 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور یہ پارک علاقے کی خواتین کے لئے ایک تحفہ ہے۔ وہ گزشتہ روز سبزہ زار کے علاقہ میں کلثوم نواز لیڈیز پارک کے افتتاح کے بعد وہاں موجود پارٹی کارکنوں، میڈیا کے نمائندوں اور خواتین سے گفتگو کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ میں لاہور میں چھٹے لیڈیز پارک کا افتتاح کر رہا ہوں۔ اس پارک پر سوا دو کروڑ روپے لاگت آئی ہے اور یہاں خواتین کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ پارک میں لیڈیز جم، اوپن جم، کنٹین، جوگنگ ٹریک، سولر لائٹس اور چلڈرن پلے ایریا بھی بنایا گیا۔ میڈیا کے کے نمائندوں سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مسلم لیگ ن نے نگران سیٹ اپ کے لئے مرکز اور پنجاب میں بہترین اور دیانتدار شخصیات کے نام دیئے ہیں۔ پیپلز پارٹی ان ناموں پر خواہ مخواہ معترض ہے۔ نگران سیٹ اپ پر پارٹی میں مزید مشاورت کا عمل بھی جاری ہے۔ قبل ازیں وزیراعلی جب پارک کے افتتاح کے لئے سبزہ زار پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اے پی پی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت راولپنڈی جاوید صدیق کے چھوٹے بھائی کریم عباسی کی وفات پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔