• news

پنجاب میں نگران وزیراعلی، اپوزیشن نے عاصمہ جہانگیر میاں عامر، حفیظ رندھاوا کے نام پیش کر دیئے

لاہور (خبرنگار+وقائع نگار خصوصی+نوائے وقت نیوز) اپوزیشن نے پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کیلئے تین نام پیش کردیئے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کو ایک چٹھی لکھی ہے جس میں معروف وکیل اور سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر، سابق ضلع ناظم لاہور میاں عامر محمود اور سابق بیورو کریٹ حفیظ اختر رندھاوا کے نام شامل ہیں۔ راجہ ریاض نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جمہوریت اور سیاست پر یقین رکھتے ہیں اسلئے ہم نے سیاستدانوں اور فلاحی تنظیموں سے تعلق رکھنے والوں کے نام دیئے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) نے جو نام دیئے ہیں اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ وہ واقعی ججوں اور جرنیلوں کی پیداوار ہے جبکہ تحریک انصاف نے سابق ضلع ناظم لاہور میاں عامر محمود کی نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر قانون ایس ایم ظفر نے کہا ہے کہ (ق) لیگ اور پیپلزپارٹی کی طرف سے پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے لئے ایک نام جسٹس (ر) سید زاہد حسین کا بھی دیا گیا ہے۔ یہ نام پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کو بھجوا دیا گیا ہے مگر غلط فہمی کی بنا پر یہ نام بعض جگہوں پر زاہد حسین بخاری لکھا گیا ہے۔ علاوہ ازیں میاں عامر نے پیپلز پارٹی کی طرف سے نگران وزیراعلی پنجاب کی پیشکش سے انکار کر دیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صحافتی ذمہ داریوں کے باعث وزیراعلی کی ذمہ داری قبول کرنا مناسب نہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن