نڈال نے انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا، خواتین ٹائٹل ماریہ شراپوا کے نام رہا
انڈین ویلز (اے پی) سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال نے انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ کا تیسری بار ٹائٹل جیت لیا جبکہ خواتین کا ٹائٹل عالمی نمبر دو ماریہ شراپوا کے نام رہا۔ کیلیفورنیا کے شہر انڈین ویلز میں ہونیوالے اے ٹی بی ایونٹ کے فائنل میں سپینش سٹار رافیل نڈال نے ارجنٹائن حریف مارٹن ڈیل پوٹرو کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ رافیل نڈال نے سیون سیڈڈ ڈیل پوٹرو کو دو گھنٹے انتیس منٹ کے سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔ رافیل نڈال کی فتح کا سکور چار چھ، چھ تین اور چھ چار رہا۔ عالمی نمبر پانچ رافیل نڈال نے طویل انجری سے واپسی کے بعد پہلی بار ہارڈ کورٹ ٹینس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی۔ اس فتح کے بعد رافیل نڈال نے انڈین ویلز ٹائٹلز کی تعداد تین اور اے ٹی پی ماسٹرز کی بائیس کر لی ہے۔ دوسری جانب خواتین سنگلز فائنل میں روس کی سٹار ماریہ شراپوا نے ڈینش حریف کیرولین وزنائیکی کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ شراپوا نے وزنائیکی کو چھ دو اور چھ دو سے زیر کیا۔ سیکنڈ سیڈڈ ماریہ شراپوا نے فرنچ اوپن کے بعد پہلی بار اے ٹی پی ٹائٹل اپنے نام کیا۔