• news

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام پہلی بار سالانہ سپورٹس شروع

لاہور (نیوز رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے پہلے سالانہ سپورٹس ویک کا آغاز ہو گیا۔ وائس چانسلر میجر جنرل (ر) پروفیسر محمد اسلم نے ایک رنگارنگ تقریب میں گیمز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر مختلف گیمز میں حصہ لینے والے طلبہ نے مارچ پاسٹ کیا اور حلف اٹھایا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ میڈیسن کی پڑھائی سخت ہونے کی وجہ سے طلبہ سپورٹس اور دیگر غیرنصابی سرگرمیوں میں کم حصہ لیتے ہیں تاہم شخصیت کی تکمیل کیلئے ہر انسان میں سپورٹس مین سپرٹ کا ہونا ضروری ہے۔ سپورٹس کے نتیجے میں طلبہ کے اندر صحت مند مسابقت کا جذبہ جنم لیتا ہے جو زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی ان کیلئے کامیابی کے دروازے کھولتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سال یو ایچ ایس اپنے الحاق شدہ کالجوں کے طلبہ کیلئے انٹرکالجیٹ سپورٹس مقابلوں کا انعقاد کرے گی۔ یو ایچ ایس کے ڈائریکٹر سپورٹس پروفیسر اسلم خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سپورٹس ویک کے پہلے روز جن انڈور گیمز کے مقابلے ہوئے ان میں کیرم بورڈ، شطرنج، لڈو، ڈارٹ اور سکریبل شامل تھے۔ اس کے علاوہ یو ایچ ایس کے سٹاف ممبرز کے درمیان کرکٹ میچ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ سپورٹس ویک 22 مارچ تک منایا جائیگا۔ اس دوران فٹبال، بیڈمنٹن، کرکٹ، تیراکی، ریس، جوڈو کراٹے، رسہ کشی اور کوکنگ کے مقابلے بھی ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن