• news

اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں مایوس کن کارکردگی‘ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا سلیکشن کمیٹی کی بحالی پر غور

لاہور (سپورٹس رپورٹر) اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ایک مرتبہ پھر سلیکشن کمیٹی کی بحالی کے امکانات پیدا ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملائیشیا میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں ناقص ترین کارکردگی پر ٹیم مینجمنٹ سے رپورٹ طلب کر لی جس کی روشنی میں مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے جس میں کئی سینئر کھلاڑیوں کی چھٹی ہونے کا بھی امکان ہے۔ چھ ملکی اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے آخری پوزیشن حاصل کی تھی۔ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم نے مجموعی طور پر 6 میچ کھیلے جن میں سے ایک میچ میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف کامیاب رہی۔ آسٹریلیا، بھارت، کے ہاتھوں شکستیں پاکستانی ٹیم کا مقدر بنیں جبکہ کوریا اور ملائیشیا کے خلاف اس کے میچ برابری پر ختم ہوئے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام نے ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کا بہتر استعمال نہ لا سکنے کی بنا پر سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے رپورٹ طلب کی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سلیکشن کمیٹی کی بحالی کے حوالے سے ایگزیکٹو بورڈ کے ارکان کو اعتماد میں لینے کے لئے صلاح و مشورے شروع کر دئیے ہیں۔ دریں اثناءذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کی مینجمنٹ میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ گول کیپنگ کوچ کے تقرر بارے میں بھی غور شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بھی انتہائی نا مناسب ہونے کی بنا پر بھی ٹیم کی کارکردگی اثر انداز ہوئی، پی ایچ ایف حکام ٹیم ڈاکٹر کی کارکردگی سے بھی نا خوش ہے اور مستقبل میں کھلاڑیوں کا فٹنس لیول جانچنے کے لئے الگ سے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن