• news

اقتدار ملا تو رشوت لینے ‘ لوٹ مار کرنے والوں کو پھانسی پر لٹکا دیں گے: الطاف

لندن (این این آئی+نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ میں ایسے پاکستان کا قیام چاہتا ہوں جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا، جس کے قیام کی جدوجہد قائداعظم محمدعلی جناحؒ نے کی اور جس کا ساتھ خان لیاقت علی خان نے دیا تھا۔ جہاں کسی پرکوئی ظلم نہ ہو اور سب کے ساتھ مساوی سلوک ہو اور مساوی حقوق ہوں۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم کے 29ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیزآباد، حیدر آباد اور میرپور خاص میں جمع ہونے والے کارکنوں سے فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ میں فسادکی نہیں امن اور پیارکی بات کرتاہوں لیکن میری امن اور صبرکی بات کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اگر قوم کی عزت وحرمت بچانے کاوقت آگیا تو میں پاکستان آجاو¿ں گا، اگر مجھے قتل بھی کردیاگیا تو میرے خون سے انقلاب کے نعرے گونجیں گے۔ میں ڈرنے والا نہیں ، اگر میں ڈرنے والا ہوتا تو مہاجروں میں پیدا نہیں ہوتا۔ الطا ف حسین نے کہاکہ میں کسی سے انتقام لینے کی بات نہیں کرتا، ایم کیو ایم کی پالیسیوں یا فیصلوں پر ضرور تنقیدکریں لیکن خدارا جھوٹے الزامات لگانے سے گریز کریں۔ نوازشریف اور آصف زرداری زندہ ہیں، ان سے پوچھیں کہ میں نے آج تک ان میں سے اپنے لئے ایک گز زمین بھی حاصل کی؟ میں نے چوری نہیں کی اور میری یہی دعا ہے کہ جب میری روح بھی نکلے تو اس وقت بھی مجھ پر چوری اور بے ایمانی کا کوئی الزام مجھ پر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں ملک کے نظام کو نہیں بدل سکاتوکیا ہوا لیکن مجھے یہ یقین ہے کہ یہ نظام بدلے گا اور آج میرے اجتماع میںصرف مہاجر ہی نہیں ہوتے بلکہ اس میں سندھی، بلوچ، پنجابی، پختون، سرائیکی کشمیری، شیعہ سنی، بریلوی، دیوبندی، مسلمان ، عیسائی،ہندو، سکھ ہرفقہ ، ہرمسلک اور ہر مذہب کے لوگ موجود ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر افواج پاکستان پانچ سال کیلئے بلوچستان کا اختیار مجھے دیدیں تو انشاءاللہ بلوچستان میں پاکستان کے نعرے گونجیں گے۔ انہوں نے اعلان کیاکہ اگرایم کیوایم کو اقتدار دیدیں تو میں بغیرجنگ کئے کشمیرکوآزاد کرا سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سبط جعفر کا قتل کھلی بربریت اور فرقہ وارانہ فساد کرانے کی سازش ہے۔ عوام اتحاد سے سازش کو ناکام بنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار ملا تو قرضے معاف کرانے والوں کا احتساب کریں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق الطاف حسین نے کہا ہے کہ حکومت میں آئے تو رشوت، لوٹ مار کرنے والوں کو پھانسی پر لٹکائیں گے۔ سب کا احتساب ہو گا، رشوت اور لوٹ مار کرنے والوں کو سب کے سامنے پھانسی پر لٹکائیں گے، جو میرٹ پر پورا اترتا ہے اسے ایم کیو ایم پارٹی ٹکٹ دے گی۔ اسمبلیوں میں 50 فیصد نشستیں خواتین کی ہوں گی ،سرکاری، نیم سرکاری اداروں میں 50فیصد ملازمتیں خواتین کو دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن