• news

نگران وزیراعظم کے معاملہ پر جلد اتفاق رائے ہو جائے گا: منظور وٹو

لاہور (خبر نگار) صدر پیپلز پارٹی پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کے معاملہ پر جلد اتفاق رائے ہو جائے گا جبکہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات بھی حتمی مراحل میں پہنچ چکے ہیں۔ اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات وقت پر ہونگے اور التواءکی تمام سازشیں عوامی تائید سے ناکام بنا دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کے معاملہ پر تمام جمہوری جماعتوں میں اتفاق رائے ہو چکا ہے صرف مسلم لیگ ن تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ مسلم لیگ ق کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ مکمل ہونے والی ہے اور اس حوالہ سے آج حتمی مذاکرات خوش اسلوبی سے طے پا جانے کی توقع ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 104 جہاں سے چوہدری احمد مختار اور چوہدری پرویز الہی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں کا معاملہ بھی افہام و تفہیم سے طے پا جائے گا۔ پنجاب کے باشعور عوام ووٹ کی طاقت سے پنجاب میں انقلابی تبدیلی لانے اور پاکستان پیپلز پارٹی کا عوامی راج قائم کرنے کیلئے سنجیدہ ہو چکے ہیں اور وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب پنجاب میں بھی لوٹ کھسوٹ اور ذاتی بادشاہت کے بجائے حقیقی عوامی راج قائم ہو گا۔ چین اور ایران سے اشتراک و تعاون بڑھانے سے اقوام عالم میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور خارجہ پالیسی کو حقیقت پسندانہ ، جراتمندانہ اور قومی امنگوں سے ہم آہنگ کرنے کو سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کے تدبر ، دوراندیشی اور جرات نے پاکستان کے مستقبل کو محفوظ اور تابناک بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ میاں منظور وٹو نے معروف شیعہ عالم اور ماہر تعلیم سید سبط حسن جعفری کے المناک قتل اور جوڈیشل کمپلیکس پشاور پر خودکش حملہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو متحد ہو کر انتہا پسندی کے خلاف ٹھوس اور جامع لائحہ عمل اپنانا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن