• news

دہشت گردی کو اکھاڑ پھینکنے کیلئے تمام جماعتیں سکیورٹی اداروں سے تعاون کریں: شاہی سید

لاہور (خصوصی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو ریاستی سکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے کراچی میں جاری دہشت گردوں کے خلاف مسلسل کارروائیوں کو کامیاب قرار دیا۔ وہ گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں نوائے وقت سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر امیر بہادر ہوتی بھی موجود تھے۔ شاہی سید نے کہا کہ کراچی میں امن قائم کرنے کے لئے نوگو ایریاز کا خاتمہ ضروری ہے۔ شہر میں قائم رکاوٹیں اور بیرئر ریاست میں ریاست کا تاثر دیتے ہیں اس کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت انتخابات ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی الیکشن میں ماضی کی نسبت زیادہ بہتر نتائج دے گی۔ انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ دونوں ہی آپشن اختیار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ غیرتنازع شخص کو نگران وزیراعظم بنانے سے آزاد اور شفاف انتخابات کے امکانات میں اضافہ ہو جائے گا۔ عوامی نیشنل پارٹی الیکشن کمشن کو مالی اور انتظامی طور پر خودمختار دیکھنے کی خواہاں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن