• news

مسلم لیگ (ن) کی 23رکنی کمیٹی نے پنجاب اسمبلی تحلیل، ایک ہی روز الیکشن کے حق میں رائے دیدی

لاہور (فرخ سعید خواجہ/ خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ و مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر میاں محمد شہبازشریف کی صدارت میں پارٹی کی 23رکنی صوبائی مشاورتی کمیٹی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرکے چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کے عام انتخابات ایک ہی روز کروانے کے حق میں رائے دے دی ہے جس کی منظوری آج بدھ کو نوازشریف کی صدارت میں اجلاس میں لی جائے گی جس کے بعد پنجاب حکومت اور صوبائی اسمبلی کی تحلیل کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔ گذشتہ روز اجلاس میں شہبازشریف کے علاوہ چودھری نثار علی خان، سردار ذوالفقار کھوسہ، سینیٹر پرویز رشید، راجہ اشفاق سرور اور دیگر نے شرکت کی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے دو رائے تھیں چنانچہ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف سے دبئی میں رابطہ قائم کیا گیا۔ نوازشریف نے فیصلہ دیا کہ دیگر صوبوں کی طرح پنجاب اسمبلی بھی تحلیل کی جائے اور ”کسی“ کو موقع نہ دیا جائے کہ الیکشن کے التواءکے لئے کوئی بہانہ بنائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مشاورتی اجلاس میں طے پایا کہ پنجاب میں ڈویژن کی سطح پر قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کے لئے کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔ اضلاع کی سطح پر فیصلے کرنے کے لئے مشاورتی کمیٹی کو دوسرے مرحلے کی منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن