• news

23 مارچ کو نئے پاکستان کا منشور دینگے‘ الیکشن کا ”ورلڈ کپ“ جیتنے کیلئے تیار ہیں: عمران

لاہور (سٹی رپورٹر) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ 23 مارچ کا جلسہ پاکستان کی تاریخ بدل دے گا۔ ہماری جماعت الیکشن جیت کر ملک میں انقلاب لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے صدر علیم خان کی جانب سے ضلعی اور ٹاﺅن کے نو منتخب عہدیداران کے اعزاز میں رکھی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 30 سال سے باریاں لینے والوں نے عوام کو لوٹنے کے لئے اب اپنے بچے تیار کر لئے ہیں۔ تحریک انصاف کے کارکنوں سے اپیل ہے کہ وہ 23 مارچ کے جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے منیار پاکستان ضرور پہنچیں۔ پنجاب حکومت 23 مارچ کے جلسے سے اس قدر گھبرائی ہوئی ہے کہ وہ اقتدار چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ کاغذی شیر ایسی حرکتیں نہ کریں جس سے ہمارے اصلی شیر غصے میں آ جائیں۔ عمران خان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جنگلا بس اگلا الیکشن جیتنے کے لیے چلائی تھی لیکن 23 مارچ کو تحریک انصاف جنگلا بس کے تمام ٹکٹ خرید کر اپنے کارکنوں کو منیار پاکستان جلسے گاہ تک لائے گی۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پارٹی الیکشن میں کسی کی ہار جیت نہیں ہوئی میں تمام منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اس سے قبل میاں محمود الرشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ تبدیلی کا دن ہے اس دن ملک کے لوٹنے والے لٹیروں کو اپنی شکست واضح نظر آ جائے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ تبدیلی آ رہی ہے ورلڈ کپ ہونے جا رہا ہے کھیل کے میدان میں مجھے پہلے پتہ چل جاتا ہے کہ ہم جیتیں گے۔ پاکستان میں بادشاہت ہے کبھی بھی حقیقی جمہوریت نہیں آئی، 23 مارچ پاکستان کو بدل دے گا۔ ایک نیا پاکستان لوگوں کے سامنے آئے گا۔ ہم 23 مارچ کو نئے پاکستان کے لئے نیا منشور دیں گے۔ اے پی اے کے مطابق عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ماضی میں مسلم لیگ نواز گروپ نے 20 سے 25 قانون ساز نشستوں کی پیشکش کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات ایک اور ورلڈ کپ ہے جسے جیتنے کی تیاری کرلی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ن لیگ پر الزام عائد کیا کہ وہ 23 مارچ جلسہ خراب کنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ 22 مارچ تک پنجاب حکومت سے جان چھوٹ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن کیلئے غیر جانبدار نگران سیٹ اپ ضروری ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن