• news
  • image

کولمبو ٹیسٹ : سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے ہرا کر سیریز جیت لی

کولمبو (اے پی پی) سری لنکا نے کمار سنگاکارا کی شاندار بیٹنگ اور رنگنا ہیراتھ کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 1-0 سے جیت لی، ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیشی ٹیم دوسری اننگز میں 265 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ رنگنا ہیراتھ نے 7 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ سری لنکا نے 160 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ آر پریماداسا سٹیڈیم، کولمبو میں ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیش نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 158 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کو تو مومن الحق 36 اور مشفیق الرحیم 7 رنز پر ناٹ آﺅٹ تھے، مومن الحق گزشتہ روز کے سکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد رنگنا ہیراتھ کا نشانہ بن گئے۔ ناصر حسین بغیر کوئی رن بنائے ہیراتھ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ سوہاگ غازی ساتویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 26 رنز بنا کر ہیراتھ کا شکار بنے۔ کپتان مشفیق الرحیم نے 40 رنز کی مزاحمتی اننگزکھیلی، انہیں بھی ہیراتھ نے آﺅٹ کیا۔ روبل حسین 7 اور روبل اسلام 10 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ ابوالحسن 25 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ اس طرح بنگال ٹیم 159 رنز کی برتری کے ساتھ 265 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے رنگنا ہیراتھ سب سے کامیاب باﺅلر رہے انہوں نے 89 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ شمندا ارنگا نے دو اور تلکرتنے دلشان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سری لنکا نے ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ تلکرتنے دلشان نے 57 اور کمار سنگاکارا نے 55 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دیمتھ کرونارتنے 16 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ لاہیرو تھریمانے اور کپتان اینجلو میتھیوز 13، 13 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ رنگنا ہیراتھ کو میچ اور کمار سنگاکارا کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن