جعلی سائیکلنگ ٹیم بھارت بھجوانے والوں کیخلاف ایکشن لیا جائے : ادریس خواجہ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر ادریس حیدر خواجہ نے کہا ہے کہ بھارت میں منعقد ہونے والی ایشین سائیکلنگ چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی سائیکلنگ ٹیم کا پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن سے کوئی تعلق نہیں ہے وہ صرف ایک محکمے کی ٹیم کے علاوہ کچھ نہیں تھی۔ نام نہاد عہدیداروں کی فوج صرف اور صرف بھارت کی سیر کو گئی تھی۔ ان خیالات کا اظہار ادریس حیدر خواجہ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری چودھری کامران امین، پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے وقار علی اور خاور شاہ موجود تھے۔ ادریس حیدر خواجہ کا کہنا تھا کہ سفارشی لڑکوں کو بھجوایا گیا تھا جس کی وجہ سے کوئی بھی پوزیشن پاکستان کا مقدر نہیں بن سکی۔ بوگس اور غیرقانونی سائیکلنگ ٹیم کو بھارت بھجوانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جانا چاہئے۔