چوتھا ون ڈے : قومی کرکٹ ٹیم ڈربن پہنچ گئی‘ مصباح سمیت 4 کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ
ڈربن (سپورٹس ڈیسک/نیوز ایجنسیاں) جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کا چوتھا ون ڈے کھیلنے کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم ڈربن پہنچ گئی ہے۔ قومی ٹیم فاسٹ با¶لرز کے انجری مسائل سے دوچار ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا چوتھا ون ڈے کل ڈربن میں کھیلا جائیگا۔ میچ سے قبل قومی ٹیم انجری مسائل سے دوچار ہے۔ سکواڈ میں شامل چار میں سے دو فاسٹ با¶لر محمد عرفان اور عمرگل کو انجریز کا سامنا ہے جبکہ وہاب ریاض فارم میں نہیں ہیں۔ محمد عرفان مکمل فٹ نہ ہونے کے سبب تیسرے ایک روزہ میچ میں اوورز مکمل نہیں کرا سکے تھے جبکہ عمرگل گھٹنے میں تکلیف کے سبب جوہانسبرگ ون ڈے سے باہر کر دیا گیا تھا۔ شاہد آفریدی بھی تیسرے ون ڈے میں بیٹنگ کے دوران انگلی پر گیند لگنے سے زخمی ہو گئے تھے۔ مینجمنٹ نے عمرگل اور محمد عرفان کی انجری کو دیکھتے ہوئے لیفٹ آرم فاسٹ با¶لر سہیل تنویر کو سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے فٹ نہ ہونے کی صورت میں سہیل تنویر کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ سہیل تنویر ٹی ٹونٹی لیگ کھیلنے کیلئے جنوبی افریقہ میں موجود ہیں اور ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔ قومی ٹیم ڈربن پہنچ چکی ہے اور آج کوچ ڈیو واٹمور کی زیرنگرانی بھرپور نیٹ پریکٹس کرے گی۔ پریکٹس سیشن کے دوران محمد عرفان اور عمرگل کی فٹنس کا جائزہ لیا جائیگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوگا۔ میزبان جنوبی افریقہ کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ بلوم فونٹین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے 125 رنز سے فتح حاصل کی، سینچورین میں مصباح الیون نے شاندار کم بیک کیا اور 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کر دی۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 34 رنز سے ہرا کر سیریز میں دوبارہ برتری حاصل کر لی۔ ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) نے جنوبی افریقہ کیخلاف چوتھے ایک روزہ میچ کی تیاریوں میں مصروف قومی ٹیم کے چار کھلاڑیوں کے رینڈم ٹیسٹ لئے جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لئے گئے ان میں کپتان مصباح الحق، نائب کپتان محمد حفیظ، عمر اکمل اور فاسٹ با¶لر عمرگل کے ٹیسٹ لئے گئے۔ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فف ڈو پلیسی فٹنس مسائل کی وجہ سے پاکستان کے خلاف سیریز کے بقیہ دو میچوں سے باہر ہوگئے۔ کوئنٹن ڈی کک کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کرکٹ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق فف ڈو پلیسی کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے مینجر محمد موسیٰ جی کا کہنا ہے کہ ڈو پلیسی کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے، ڈاکٹرز نے انہیں مکمل طور پر آرام کا مشورہ دیا ہے اور وہ چھ ہفتوں تک کرکٹ کے میدانوں سے دور رہیں گے۔ اس طرح وہ پاکستان کے خلاف سیریز کے بقیہ میچز اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے متعدد میچز نہیںکھیل سکیں گے۔ کرکٹ جنوبی افریقہ نے ان کے متبادل کے طور پر کوئنٹن ڈی کک کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔