• news

عبوری حکومت میں کوئی عہدہ قبول نہیں کرونگی: عاصمہ جہانگیر

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ پہلے ملک کو جرنیل چلاتے تھے اور اب یہ ضروری نہیں کہ پورا ملک عدلیہ ہی چلائے۔ وکلاءاور عوام ججز کو اس وقت عزت دیتے ہیں جب وہ اپنے عہدے پر ہوں کیونکہ جج کا منصب قابل احترام ہے ۔ ریٹائر ہونے پر ان کو گھروں میں آرام سے بیٹھنا چاہیے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا نام تجویز کرنے پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی مشکور ہوں نامزدگی ہی میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔لاہور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عبوری حکومت میں کوئی عہدہ قبول نہیں کروں گی اور نہ ہی کسی عہدے کا شوق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی تشکیل کا فیصلہ جلد سے جلد کیاجائے۔کیونکہ دیر جمہوریت کیلئے ٹھیک نہیں ہے موجودہ حالات میں اس وقت خود کو کوئی بھی عہدہ لینے کے قابل نہیں سمجھتی۔ اگر خونیں انتخابات ہوئے تو سکیورٹی ایجنسیوں کا بھی احتساب کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جج قابل ہوں یا نہ ہوں ہم انہیں عزت دیتے ہیں۔ ریٹائرڈ جج اب گھر بیٹھیں، ضروری نہیں کہ ملک ججوں اور جرنیلوں نے ہی چلانے ہیں اگر ایسا ہے تو باقی سب کی چھٹی کرا دیں۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ سیاستدان میچور ہو جائیں کسی تیسری قوت کو آواز نہ دیں۔

ای پیپر-دی نیشن