جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے پیپلز پارٹی نے سنجیدہ کوششیں کیں: یوسف رضا گیلانی
لاہور (خصوصی رپورٹر) جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں اور ممبران اسمبلی نے نئے صوبوں کے قیام کو وہاں کے عوام کے دل کی آواز قرار دیتے ہوئے ملے جلے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا وہاں کے عوام کے دل کی آواز ہے۔ پیپلز پارٹی نے اس سلسلے میں سنجیدہ کوششیں کیں اس بارے میں کوئی دو رائے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عددی لحاظ سے اس پوزیشن میں نہیں تھی کہ سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی سے صوبہ جنوبی پنجاب کا بل پاس کروا سکتی ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی سینئر نائب صدر اور صوبہ بہاولپور بحالی تحریک کے قائد محمد علی درانی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت صوبہ بہاولپور کی بحالی میں سنجیدہ تھی اور جنوبی پنجاب و ہزارہ کے نئے صوبے بنانے کا ان کا مطالبہ بھی جائز تھا لیکن پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت نے ان کی نہیں چلنے دی۔ بہاولپور سے مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی چودھری مسعود مجید نے کہاکہ مسلم لیگ ن پر عوام کو بیوقوف بنانے کا الزام نہیں لگایا جا سکتا تاہم مرکزی حکومت نے اس بارے میں یقیناً سیاسی شعبدہ بازی کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو اللہ نے موقع دیا تو نہ صرف بہاولپور صوبہ بحال کریں گے بلکہ جنوبی پنجاب اور ہزارہ صوبہ بھی بنائیں گے۔ جنوبی پنجاب کے معروف سیاستدان سید جاوید علی شاہ نے کہا کہ صوبہ جنوبی پنجاب کا نعرہ پیپلز پارٹی نے پوائنٹ سکورنگ کے لئے لگایا تھا۔ سید ناظم حسین شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن والے بدنیتی نہ دکھاتے تو جنوبی پنجاب صوبہ بن چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ نئے صوبوں کا بل داخل دفتر کرنے کی ذمہ دار مسلم لیگ (ن) ہے۔