خدمت کے ریکارڈ قائم کئے‘ وفاق سمیت تمام صوبوں میں حکومت بنائیں گے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں بہاولپور سے تعلق رکھنے والے (ق) لیگ کے سابق ایم پی اے ملک محمد خالد وارن نے ملاقات کی اور محمد نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما طاہر بشیر چیمہ، نجیب اویسی، علی حسن گیلانی اور چوہدری محمد سرور بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے ملک محمد خالد وارن کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ پانچ برس کے دوران عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ صوبے بھر میں مکمل کئے گئے منصوبوں سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ عوامی خدمت کی سیاست کی بدولت مسلم لیگ (ن) ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے۔ انشاءاللہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لےگ (ن) عوام کی حمایت سے وفاق سمیت تمام صوبوں میں حکومت بنائے گی اور پنجاب سے شروع کیا گیا ترقی کا عمل پورے ملک تک پھیلایا جائے گا۔ میرٹ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کا مو¿ثر ذریعہ ہے۔ پنجاب حکومت گزشتہ پانچ برس میں میرٹ کی پالیسی پر سختی سے کاربند رہی ہے۔ صوبے سے کرپشن، اقرباءپروری اور سفارش کے کلچر کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ گڈ گورننس کے ذریعے عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی ممکن بنائی ہے۔ پنجاب میں کسی کو بھی سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنایا گیا۔ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے ملک محمد خالد وارن نے کہا کہ شہباز شریف نے گزشتہ 5 سالوں میں دن رات عوام کی خدمت کی ہے۔ سابق حکمرانوں نے ملک کو بے پناہ مسائل و مشکلات سے دوچار کیا ہے۔ محمد نواز شریف ملک کی کشتی کو منجدھار سے نکالنے کی پوری اہلیت رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سانحہ بادامی باغ پر پوری حکومتی مشینری حرکت میں آئی اور مسیحی بھائیوں کی بحالی کا کام کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر شروع کیا گیا۔ اب تک 80 گھروں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور 2 متاثرہ چرچوں کی بھی تزئین و آرائش کر لی گئی ہے۔ واقعہ بادامی باغ کے ضمن میں پنجاب حکومت نے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائی ہیں۔ واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں جسے منظر عام پر لایا جائے گا۔ سانحہ بادامی باغ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت کرنے کی جرا¿ت نہ کرسکے۔ واقعہ میں ملوث کوئی ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سے گا۔ گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں واقعہ بادامی باغ پر ہونے والی پیش رفت اور متاثرین کی بحالی کیلئے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے اور ان کا پاکستان پر پورا حق ہے۔ پاکستان کے دوسرے شہریوں کی طرح اقلیتوں کے جان و مال اور حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ بادامی باغ کے متاثرین کی بحالی کا کام حکومت پنجاب نے پوری ذمہ داری سے کیا ہے۔ گھروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ انہیں پانچ لاکھ روپے فی متاثرہ خاندان کے حساب سے مالی امداد بھی دی گئی ہے۔ واقعہ میں ملوث نامزد ملزموں کی گرفتاری کا عمل جاری ہے۔ ایف آئی آر میں نامزد بہت سے ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں جبکہ باقی ملزموں کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ متاثرین کے جلائے ہوئے گھروںکی تعمیر و مرمت کا کام بھی تیزی سے جاری ہے اور تمام متاثرہ گھروں کی مرمت کا کام آئندہ چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔