• news

کوچ حنیف خان نے ہاکی ٹورنامنٹ میں ناقص کارکردگی کی ذمہ داری قبول کرلی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم کی شکست کے بارے میں ٹیم کے چیف کوچ اور منیجر اختر رسول اپنی رپورٹ آئندہ چند روز میں پی ایچ ایف حکام کے حوالے کر دیں گے جس کی روشنی میں ٹیم کے کھلاڑیوں کے بارے میں فیصلے کریں گے۔ ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیوں سمیت سلیکشن کمیٹی کی بحالی کا امکان ہے۔ ٹیم کے کوچ حنیف خان نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف نے انہیں ورلڈکپ تک متوازن ٹیم بنانے کی ذمہ داری دی تھی جس کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنا ضروری تھا، سینئر کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا گیا تھا انہیں ٹیم سے ڈراپ نہیں کیا گیا تھا۔ کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں میچ پلاننگ کے مطابق کارکردگی نہیں دکھائی۔ ناکامی کی اصل وجہ لیفٹ آﺅٹ اور لیفٹ ان کا ناکام ہونا ہے۔ فارورڈلائن کی ناکامی کی وجہ سے ڈیفنس لائن پر دباﺅ بڑھ گیا تھا۔ پی ایچ ایف ٹیم آفیشلز کے حوالے سے فیصلہ کرنے میں بااختیار ہے۔ وہ جو بھی فیصلہ کرے گی ہمیں قبول ہوگا۔ پی ایچ ایف کے حکام نے قومی سلیکشن کمیٹی کی بحالی کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔ پی ایچ ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس مارچ کے آخری ہفتے میں ہوگا جس میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لیکر اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن