• news

افغانستان میں نیٹو آپریشنز بے مقصد اور غیر دانشمندانہ ہیں: صدارتی ترجمان‘ کرزئی طالبان پر بھروسہ اپنی ذمہ داری پر کریں: اپوزیشن لیڈر

کابل (نیوز ایجنسیاں) افغانستان کے صدارتی ترجمان ایمل فیضی نے کہا کہ جنگ زدہ افغانستان میں نیٹو کے آپریشنز بے مقصد اور بیوقوفانہ ہیں۔ عوام نیٹو سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ دہشتگردی کیخلاف نام نہاد جنگ کی وجہ اور مقصد بتایا جائے جب نیٹو جانتا ہے کہ دہشتگردوں کی پناہ گاہیں افغانستان سے باہر ہیں پھر یہ جنگ افغانستان میںکیوں لڑی جا رہی ہے۔ صدارتی ترجمان کا یہ بیان نیٹو سربراہ اینڈرس فوگ راسموسین کی طرف سے صدر کرزئی کے بیان کو رد کئے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ادھر افغانستان کے اپوزیشن رہنما احمد ضیاءمسعود نے اپنے ایک انٹرویو میں صدر حامد کرزئی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ طالبان پر بھروسہ اپنی ذمہ داری پر کریں۔ طالبان دشمن کے طور پر قریب ہیں اور یہ سال بہت برا ہو گا۔ طالبان پر بھروسہ کر کے کرزئی کو افغانستان کے آخری سوویت نواز کیمونسٹ حکمران جیسی خوفناک تقدیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دوسری طرف سلامتی کونسل نے افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن کی معیاد ایک سال تک بڑھا دی ہے۔ پیش کردہ قرار داد کی تمام 15ارکان نے حمایت کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ افغان حکومت کی معاونت کا عمل جاری رکھا جائیگا۔ اقوام متحدہ کا مشن 19مارچ 2014ءتک افغانستان میں برقرار رہیگا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون نے کہا کہ افغانستان اسے 2014ءمیں غیر ملکی افواج کے انخلاءکے بعد بھی افغان حکومت کی مدد جاری رکھیں گے۔ علاوہ ازیں ثناءنیوز کے مطابق اپوزیشن کے اتحاد افغان نیشنل فرنٹ کے رہنما احمد ضیا مسعود نے انٹروےو مےں مزید کہا ہے کہ طالبان پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ صدر نے جو طریقہ اختیارکر رکھا ہے، ان کا انجام آریانا اسکوائر پر ہو گا۔ 1996ءمیں جب طالبان نے کابل کا کنٹرول حاصل کیا تو نجیب اللہ کو ایک ٹرک کے پیچھے باندھ کر گھسیٹا گیا تھا اور پھر آریانا اسکوائر پر انہیں سرعام پھانسی دے دی گئی تھی۔ مسعود کا کہنا ہے کہ طالبان قیامِ امن کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے اور غیر ملکی فوجیوں کے انخلا پر انہیں اپنی کارروائیاں بڑھانے کا حوصلہ ملے گا۔ ہم تباہی کے دھانے پر ہیں۔ افغانستان میں 2014ءکے بعد سیاسی استحکام اور سلامتی کا کوئی نشان نظر نہیں آتا۔ حامد کرزئی مستعفی ہوجائیں اور ایک نگران حکومت قائم کی جائے جو قبل از وقت انتخابی عمل کی نگرانی کرے۔

ای پیپر-دی نیشن