کوئٹہ: فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، کوہلو: بارودی سرنگ دھماکے سے سکیورٹی اہلکار زخمی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ نواں کلی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاںبحق ہو گیا۔ نواں کلی کے علاقے فیز ون میں زاہد اپنی دکان بند کر کے گھر جا رہا تھا راستے میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اس پر فائرنگ کر دی۔ وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا،حملہ آور فرار ہو گئے۔ دریں اثناءکوئٹہ میں پولیس نے ایک ورکشاپ پر چھاپہ مار کر دو مشتبہ افراد گرفتار کر لئے اور واٹر ٹینکر سمیت دھماکوں میں استعمال ہونےوالا مواد بھی برآمد کر لیا۔ بلوچستان کے علاقے کوہلو میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگیا۔ کاہان میں سکیورٹی فورسز کی چوکی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس سے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار صورت خان شدید زخمی ہو گیا جسے کوہلو میں ابتدائی طبعی امداد کے بعد ملتان ریفر کر دیا گیا۔ کچلاک میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ کچلاک میں بوستان روڈ پر تھانہ نیو کچلاک کی پولیس موبائل کے قریب نامعلوم افراد نے تخریب کاری کی غرض سے دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا جو زوردار دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص عبدالرحیم شدید زخمی ہو گیا۔