جاوید ہاشمی تحریک انصاف کے صدر‘ محمود الرشید‘ انعام اللہ نیازی سینئر نائب صدور منتخب
لاہور (سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کی مرکزی کونسل کے انتخابات میں مخدوم جاوید ہاشمی بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ سینئر نائب صدر انعام اللہ نیازی منتخب ہوئے ان کے مقابلے میں خورشید قصوری کے بھائی بختیار قصوری ہار گئے۔ سیف اللہ نیازی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔ جبکہ علی بخاری سیکرٹری یوتھ افیئرز منتخب ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق میاں محمودالرشید بھی مرکزی سینئر نائب صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ سیکرٹری انٹرنیشنل افیئر ابرارالحق، صدر وویمن ونگ منزہ حسن بن گئیں انہوں نے عائلہ ملک کو شکست دی، پرویز خٹک جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے انہوں نے عارف علوی کو شکست دی۔ یہ نتائج غیر حتمی ہیں الیکشن کمشن حتمی نتائج کا اعلان آج صبح کرے گا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کے خاتمے پر قوم آج یوم نجات منائے گی، خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ قوم پر پانچ سالہ مسلط عذاب ختم ہوا ہے، 23 مارچ کو مینار پاکستان پر نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے، 11 ماہ کی جدوجہد کے بعد پارٹی انتخابات مکمل کر لئے ہیں۔ وہ ایوان اقبال میں پارٹی انتخابات کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستانی عوام تبدیلی کا فیصلہ کر چکے ہیں اور کل مینار پاکستان پر ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی جلسہ ہو گا جس میں انتخابی منشور کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام تبدیلی کیلئے تیار ہیں اور کوئی طاقت نئے پاکستان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالہ موجودہ دور حکمرانی میں کرپشن اور لوٹ مار کے سوا عوام کو کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پارٹی انتخابات کروا کر دوسروں کو نئی راہ دکھائی ہے کہ حقیقی الیکشن کیسے ہوتے ہیں جو جماعت الیکشن کے عمل سے نہیں گزرے گی وہ اپنا وجود کھو دے گی۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے لیہ سے سابق ممبر صوبائی اسمبلی سردار افتخار علی بابر کیتھران نے کہا کہ موجودہ پیپلز پارٹی ذوالفقار کی پارٹی نہیں رہی بلکہ زرداری ٹولہ ہے جو چند مفاد پرست عناصر پر مشتمل ہے۔