• news

پانی کا دن آج منایا جائیگا، بھارتی ”واٹر بم“ کے توڑ کیلئے قوم کو جنگ کیلئے تیار کرنا ہو گا: پاکستان واٹر موومنٹ

لاہور (نیوز رپورٹر+ ثناءنیوز) پاکستان سمےت دنےا بھر مےں آج پانی کا دن مناےا جائے گا۔ پاکستان واٹر موومنٹ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بھارتی آبی دہشت گردی کیخلاف تحریک جاری رکھیں گے۔ متنازعہ ڈیموں کی تعمیر میں بھارت کو اقوام متحدہ اور ورلڈ بنک جیسے اداروں کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔ بھارتی ”واٹر بم“ کے توڑ کیلئے قوم کو جنگ کیلئے تیار کرنا ہو گا جبکہ کسان بورڈ پاکستان کے صدر سردار ظفر حسین نے کہا ہے آج بائیس مارچ کو پانی کے عالمی دن کے موقع پر کسان بورڈ ملک بھر میں بھارت کی آبی جارحیت کے بارے مےںسیمینار، جلسے اور پریس کانفرنسیں کر کے عوام میں پانی کی اہمیت اجاگر کرے گا۔ سابقہ پاکستانی حکومت بھارت سے پانی چوری کے مسئلے پرمجرمانہ غفلت کامظاہرہ کرتی رہی ہے۔ بھارت سے پاکستان کاپانی روکنے پرشدیداحتجاج نہیںکیا گیا۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے گذشتہ روزصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کسان بورڈ کے رہنماﺅں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ پانی کے عالمی دن کے موقع پرانڈیا کی آبی جارحیت پر سابقہ حکمرانوں کی بے حسی کے خلاف یوم سیاہ منائیں اپنے گھروں پر سیاہ جھنڈے لہرائیں اور سیاہ پٹیاں باندھیں۔ علاوہ ایں پاکستان واٹر موومنٹ نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی دریاﺅں پر جنگی بنیادوں پر ڈیم تعمیر کر رہا ہے۔ وطن عزیز پاکستان کے کھیت کھلیان برباد ہو رہے ہیں اور حکمران بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دیکر تجارت بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ متنازعہ ڈیموں کی تعمیر میں بھارت کو اقوام متحدہ اور ورلڈ بنک جیسے اداروں کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان واٹر موومنٹ کے کنوینر حافظ سیف اللہ منصور، حافظ خالد ولید، ڈاکٹر ابووقاص و دیگر نے گزشتہ روز اپنے ایک مشترجہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے آٹھ لاکھ بھارتی فوج نکالے بغیر پانیوں کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔ ”واٹر بم“ کے توڑ کیلئے قوم کو جنگ کے لئے تیار کرنا ہو گا۔ بھارت پاکستان کو مذاکرات میں الجھا کر متنازعہ ڈیموں کی تعمیر میں مصروف ہے مگر افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ حکومتی ذمہ داران اب بھی بھارت سے یکطرفہ دوستی و محبت میں اصل حقائق تسلیم کرنے کو تیار نہیں بلکہ قوم کو دھوکہ دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بھارت آبی دہشت گردی کا ارتکاب کر کے خطہ کے حالات خود خراب کر رہا ہے۔ وہ اپنی ان حرکتوں سے باز نہ آیا تو آئندہ پاک بھارت جنگ پانی کے مسئلہ پر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پانی کے مسائل چھوڑ کر بھارت سے مذاکرات محض وقت کا ضیاع اور کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔
پاکستان واٹر موومنٹ

ای پیپر-دی نیشن