• news
  • image

کراچی میں مزید پانچ قتل‘ بن قاسم ریلوے ٹریک دھماکے سے تباہ‘ ٹریفک معطل

کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت مزید 5 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے جبکہ بن قاسم ریلوے ٹریک کو دھماکے سے تباہ کر دیا گیا جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ ادھر کوٹری ریلوے ٹریک پر سے 2 بم برآمد ہوئے جنہیں ناکارہ بناتے ہوئے 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد خیبر میل اور سکھر ایکسپریس کو کینٹ سٹیشن پر روک لیا گیا۔ ایس ایس پی جامشورو کے مطابق دونوں بم ناکارہ بنا دئیے گئے ہیں۔ دھماکے کے بعد ٹریک کی مرمت کے لئے تیزگام سمیت متعدد ٹرینوں کو راستے میں آنے والے سٹیشنوں پر روک لیا گیا۔ شہید ملت روڈ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل نذیر احمد موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ واقعہ میں زخمی خاتون روبینہ نے بھی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ دیا۔ ادھر کھوکھراپار میں نامعلوم افراد نے ایک نوجوان کو تشدد کر کے ہلاک کر دیا۔ عوامی کالونی سے ایک نوجوان کی لاش ملی جسے تشدد کر کے ہلاک کیا گیا۔ اورنگی ٹاﺅن میں مسلح افراد نے ایک شخص سراج کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ علاوہ ازیں باتھ آئی لینڈ میں پنجاب ہاﺅس کے نزدیک دھماکے سے خوف و ہراس پھیل گیا دھماکہ پنجاب ہاﺅس کے سرونٹ کوارٹر کے گیٹ کے نزدیک ہوا۔ ادھر سی آئی ڈی نے منگھوپیر روڈ پر کارروائی میں کالعدم لشکر جھنگوی اور تحریک طالبان پاکستان کے تین مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
کراچی

epaper

ای پیپر-دی نیشن