پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ کے لطیف پیرائے میں جوابات،شرکا محظوظ ہوتے رہے
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی محمد شہبازشریف نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے بعض سوالات کے لطیف پیرائے میں جواب دیئے جس سے شرکا محظوظ ہوتے رہے۔ وزیراعلیٰ نے خود تلاوت قرآن پاک کرکے پریس کانفرنس کا آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی کا مختصراً ذکر کیا۔وزیراعلیٰ نے آصف زرداری، سابق وفاقی وزیرداخلہ، سابق نائب وزیراعظم پرویز الہٰی اورسابق وفاقی وزیر اطلاعات قمرزمان کائرہ ،پرویز مشرف اور عمران خان پر کڑی تنقید کی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ زرداری صاحب گریڈ 18تک کی نوکریوں کی بندربانٹ کرتے رہے، سرکاری فنڈز کو بے دریغ ذاتی مفادات کے لئے استعمال کیا۔ اسلام آباد میں خوب کھاﺅ اور خوب کماﺅکابازار گرم رہا جبکہ پنجاب میں ہماری میرٹ پالیسی پر مجھے کچھ مخالفت کا سامنارہا۔ محمدنوازشریف کو بعض شخصیات نے کہا کہ پنجاب میں میرٹ اور صرف میرٹ کی پالیسی مروا دے گی کیونکہ زرداری صاحب نے سرکاری خزانے اور نوکریوں کی لوٹ سیل لگائی ہوئی ہے۔ لیکن اس کے باوجود میں میرٹ کی پالیسی پر کاربند رہا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تین ماہ میںبجلی کا بحران ختم کرنے کے دعویدار "بڑے خان صاحب "ایسا کرسکتے ہیں تو کرکے دیکھ لیں۔