• news

جاوید ہاشمی کی نااہلی کیلئے عمر سرفراز چیمہ کی پٹیشن مسترد کر دی گئی

 اسلام آباد(آئی این پی) تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے بنائے گئے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ کی جانب سے جاوید ہاشمی کو پارٹی کے صدارتی انتخابات کیلئے نااہل قرار دینے کی پٹیشن کو مسترد کرتے ہوئے عمر چیمہ کے الزامات کو غیر قانونی‘ کردار کشی پر مبنی اور افسوسناک قرار دے دیا۔ عمر چیمہ نے اپنی پٹیشن میں پارٹی الیکشن کمیشن کے چیئرمین حامد خان کے نام پٹیشن میں مطالبہ کیا تھا کہ جاوید ہاشمی کا نام سپریم کورٹ میں اصغر خان کیس میں آئی ایس آئی سے پیسے لینے والے سیاستدانوں میں آیا ہے اور وہ جسمانی طور پر بھی پارٹی کے صدر بننے کے اہل نہیں اس لئے انہیں صدارتی امیدوار کے طور پر نااہل قرار دیا جائے۔ پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر حامد خان ایڈووکیٹ نے آئی این پی کے استفسار پر کہا کہ عمر چیمہ کی درخواست میں لگائے گئے الزامات قابل افسوس اور غیر اخلاقی ہیں۔ جاوید ہاشمی کو فالج زدہ قرار دے کے پارٹی کے صدارتی الیکشن کیلئے نااہل قرار دینا غیرقانونی اور غیر انسانی ہے۔ ہم نے ان کے الزامات اور پٹیشن کو ناقابل پذیرائی قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن