• news

صد ر کی منظوری کے بغیر کاغذات نامزدگی کی چھپائی، سینٹ کمیٹی کا سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

اسلام آباد(آن لائن+نوائے وقت نیوز) سینٹ کی خصوصی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات نے صدر کی منظوری کے بغیر کاغذات نامزدگی کی چھپائی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمشن کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اراکین کمیٹی نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن اپنے اختیارات سے تجاوز کررہا ہے دریں اثناءالیکشن کمشن کی جانب سے خصوصی کمیٹی کو خط لکھا گیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کو الیکشن کمشن کی نگرانی کا اختیار حاصل نہیں خصوصی کمیٹی نے اس خط کا جواب دینے کےلئے فرحت اللہ بابر کی سربراہی میں 3 رکنی زیلی کمیٹی تشکیل دیدی۔ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کا اجلاس سینیٹر جہانگیر بدر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ چیئرمین کمیٹی نے اٹارنی جنرل عرفان قادر کو عدالت سے رجوع کرنے کے حوالے سے ہوم ورک تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ خصوصی کمیٹی نے الیکشن کمشن کو اس خط کا جواب دینے کےلئے سینیٹر فرحت اللہ بابر کی سربراہی میں تین رکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی جس میں کرنل ریٹائرڈ طاہر حسین مشہدی اور سینیٹر صغریٰ امام شامل ہونگے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامل علی آغا نے کہاکہ ہم الیکشن کمیشن کی نہیں بلکہ اس کے امور کی نگرانی کررہے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن