ڈرون حملے‘ کنٹرول پنٹاگون کو دینے پرغور پاکستان میں سی آئی اے نگرانی کریگی: امریکی اخبار
نیویارک (نمائندہ خصوصی) امریکی صدر اوباما ڈرون حملوں کے پروگرام کا کنٹرول سی آئی اے سے واپس لے کر محکمہ دفاع کو منتقل کرنیوالے ہیں۔ امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی حکام کے حوالے سے ایک رپورٹ کے مطابق ڈرون پروگرام پر تنقید کرنیوالوں کو امید ہے کہ اس تبدیلی سے کانگرس اس کی نگرانی کر سکے گی جبکہ عوام بھی اس پر نظر رکھ سکیں گے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ پینٹاگون میں موجود عناصر بھی اتنی ہی رازداری برتیں گے جتنی اس وقت سی آئی اے برتتی ہے۔ اس طرح وہ جس قدر اس پروگرام کو اوپن دیکھنا چاہتے ہیں اتنا اوپن نہیں ہو گا۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاﺅس کی جانب سے اس تبدیلی کے بعد خفیہ ڈرون پروگرام بین الاقوامی جنگی قوانین کے دائرے میں آ جائے گا اور میزبان حکومتوں کی رضامندی سے ڈرون حملے کئے جائیں گے۔ اخبار کے مطابق اعلیٰ امریکی عہدیدار اس تبدیلی کے مسودہ پر اصولی طور پر اتفاق کر چکے ہیں تاہم اس کی حتمی منظوری صدر اوباما دینگے۔ اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسودے کی منظوری کے بعد اس تبدیلی پر مکمل عملدرآمد میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔