• news

چین، پاکستان میں تیسرا ری ایکٹر تعمیر کرے گا: خفیہ معاہدہ ہو گیا: امریکی میڈیا

اسلام آباد، واشنگٹن (آن لائن) امریکی انٹیلی جنس اور سفارتی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان ایک خفیہ معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت چین پاکستان کو جوہری ری ایکٹر فراہم کرے گا ۔ امریکی اخبارات واشنگٹن ٹائمز نے انٹیلی جنس اور سفارتی حکام کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں تیسرے ری ایکٹر کی تعمیر کے حوالے سے خفیہ معاہدہ پر گزشتہ ماہ پندرہ سے اٹھارہ فروری کے دوران پاکستان جوہری توانائی وفد کے دورہ چین کے موقع پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کے مطابق چین چشمہ کے مقام پر ایک ہزار میگاواٹ کا پاور پلانٹ تعمیر کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق چین نے گزشتہ ماہ تمام ریجنل سیاسی لیڈرز اور جوہری اسٹیبلشمنٹ کو ایک نوٹس جاری کیا تھا جس میں متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ اس جوہری معاہدے کا راز افشا ہونے کے بارے مےں انتہائی محتاط رہیں پاکستان میں تیسرے جوہری ری ا یکٹر کی تعمیر کے حوالے سے اس معاہدے پر کئی برسوں سے کام ہو رہا تھا جبکہ امریکی حکومت نے اس معاہدے کو ناکام بنانے اور چین کی جانب سے جوہری ری ایکٹر کی فراہمی کو روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر کوششیں کیں۔ امریکہ کے تحفظات ہیں کہ تیسرے ری ایکٹر کی تعمیر پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کیلئے تقویت کا باعث بنے گا۔ چین نے پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کو جدید بنانے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر چین نے پاکستان کے ساتھ یہ معاہدہ کیا ہے تو یہ جوہری عدم پھیلاﺅ معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن