نظریاتی صحافت کے 73 برس آج نوائے وقت کی سالگرہ ہے
لاہور (خصوصی رپورٹر+ نیوز ڈیسک ) روزنامہ نوائے وقت نے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اپنی نظریاتی صحافت کے 73 سال (آج) 23 مارچ کو مکمل کر لئے ہیں۔ نوائے وقت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ 23 مارچ 1940ءکو پہلی اشاعت کے بعد سے اب تک مسلسل نظریہ پاکستان کے پرچم کو سربلند رکھا اور پاکستان کو قائداعظمؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے ارشادات کے مطابق حقیقی اسلامی، فلاحی، جمہوری ملک بنوانے کیلئے حکمرانوں اور قوم کو راہ دکھائی اور انشاءاللہ دکھاتا رہے گا۔ (اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ نوائے وقت کا سفر اسلام اور پاکستان کی سربلندی کیلئے اسی جذبے سے جاری رہے) ادارہ نوائے وقت کے کارکنان نے نوائے وقت کی 73ویں سالگرہ پر بانی نوائے وقت حمید نظامی اور آبروئے صحافت ڈاکٹر مجید نظامی کی بحیثیت ایڈیٹر شاندار کارکردگی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تمام پاکستانیوں کو نوائے وقت کی سالگرہ مبارک ہو۔ سالگرہ کے حوالے سے خصوصی سپلیمنٹ بھی شائع کیا جا رہا ہے۔