بینظیر‘ بگٹی قتل سمیت 3 مقدمات میں حفاظتی ضمانتیں منظور‘ کل ہر صورت پاکستان آﺅں گا : مشرف
دبئی (نوائے وقت رپورٹ/ نیوز ایجنسیاں) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان واپس آکر انتخابات میں حصہ لونگا، پاکستان میں جان کو لاحق کسی بھی خطرے کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوں، 200فیصد یقین ہے کہ میں کل پاکستان واپس جا رہا ہوں۔ میری زندگی کو لاحق خطروں کے باوجود میں سمندر سے، جہاز سے، زمین سے یا جس طرح جا سکا پاکستان ضرور جاﺅں گا، کیونکہ میں نے اپنے ملک کے لئے حلف اٹھا رکھا ہے۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے تاجروں سے خطاب کرئے ہوئے کہا کہ ملک کے خیرخواہ اور دوست ممالک پاکستان کو مشکلات سے نکالنا چاہتے ہیں جن کی مجھے بھرپور حمایت حاصل ہے، ملک کو بیرونی و ملکی قرضوں سے نجات کا عزم لے کر وطن واپس لوٹ رہا ہوں، دوبارہ اقتدار ملا تو ملک و قوم کو روشن مستقبل اور خوشحالی کی نوید دوں گا، ہماری پارٹی کے معاشی اقدامات تاجروں کیلئے امید کی روشنی ثابت ہونگے۔ سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ ملکی خزانہ لوٹنے والے ملک میں دندناتے پھر رہے ہیں پھر کسی طرح ممکن ہے کہ کرپشن سے پاک حکومت کرنے کے باوجود مجھے کوئی پاکستان آنے سے روک سکے۔ ڈیل کے بجائے صاف کردار کی بنیاد پر واپس آ رہا ہوں، مجھے واپسی کیلئے کسی این آر او کے چور دروازے کی ضرورت نہیں ہے۔ قبل ازیں سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی 3مقدمات میں حفاظتی ضمانتیں منظور کرلی ہیں۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ ان مقدمات میں ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرائے جائیں۔ مشرف کی صاحبزادی ڈاکٹر عائلہ رضا نے سندھ ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ ان کے وکیل نے مﺅقف اختیار کیا تھا کہ وہ وطن واپس آکر اپنا دفاع کرنا چاہتے ہیں۔ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مشیر عالم نے ججز کیس میں جنرل پرویز مشرف کی 10روز کے لئے ضمانت منظور کی۔ پرویز مشرف پر سابق وزیراعظم اور بے نظیر بھٹو کو مطلوبہ حفاظت فراہم نہ کرنے، بلوچستان کے قوم پرست رہنما نواب اکبر بگٹی کے قتل کی سازش کرنے اور چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت 60 ججز کو حبس بے جا میں رکھنے کا الزام ہے۔ جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے بینظیر بھٹو اور نواب اکبر بگٹی کیس میں ان کی دو ہفتوں کے لئے ضمانت منظور کی۔ بینظیر بھٹو قتل کیس میں حکومت نے جنرل مشرف کی گرفتاری کے لئے انٹرپول سے بھی رجوع کیا تھا لیکن اسے کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ مشرف کی واپسی کے حوالے سے سوال پر سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ پرویز مشرف سابق صدر ہیں اگر سکیورٹی کی درخواست آئی تو دیں گے۔ اے ایف پی کے مطابق پیپلزپارٹی حکومت کہتی رہے کہ مشرف کو آنے پر گرفتار کر لیا جائے۔ سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں اپنی واپسی حکومت اور فوج میں کشیدگی کے باعث موخر کی تھی ان کا کہنا تھا کہ فوج جانتی ہے کہ مجھے کتنی سپورٹ چاہئے اور وہ یہ سپورٹ مجھے دے گی۔ انہوں نے کہاکہ اتوار کے روز وطن واپس آ رہا ہوں۔دبئی (وقت نیوز) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میرے نہ آنے سے متعلق خبریں غلط ہیں، میں واپس آﺅں گا، رائے سب کی لیتا ہوں کرتا وہی ہوں جو میری سمجھ میں آتا ہے۔ کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ میں واپس آﺅں، پہلے وہ مجھے واپسی پر ڈراتے رہے اب جھوٹ بول رہے ہیں۔ پہلے کہا گیا کہ پریس کانفرنس میں کچھ اعلان کرنے والا ہوں۔ اب کہا جا رہا ہے کہ مجھے سعودی عرب نے کہا ہے کہ میں ان کے پاس رہوں، دو دن بعد سب کچھ کلیئر ہو جائے گا۔ وقت نیوز کے پروگرام ”’8 پی ایم ود فریحہ ادریس“ میں انہوں نے کہا کہ میں سعودی عرب صرف عمرے کے لئے گیا کسی سے ملاقات کیلئے نہیں۔ میں نے اپنے لئے کوئی گارنٹی نہیں مانگی نہ ہی معاہدہ کیا۔ میں نے حکومت کو آپ کے مشورے کے مطابق سکیورٹی کیلئے لکھا تھا مگر جواب نہیں آیا۔ میں نے کوئی ایسی چیز نہیں مانگی جو رولز کے خلاف ہو اگر گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کو تاحیات سکیورٹی مل سکتی ہے تو مجھے کیوں نہیں۔ میری جان کو جن لوگوں سے خطرہ ہے ان کے بارے میں کہنا چاہتا ہوں کہ وہ لوگ ہیں جو اسلام کے نام پر دہشت گردی کر رہے ہیں۔ میرے خلاف کیسز میں جان ہی نہیں، یہ بے بنیاد اور سیاست چمکانے کیلئے بنائے گئے۔ مجھے امید ہے کہ عدالت سے انصاف ملے گا۔ میرے دور میں چیف جسٹس کے خلاف وزیراعظم نے ریفرنس بھیجا تھا جو آئین کے مطابق تھا میں نے وہ سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیج دیا۔ کیس پر میری لیگل ٹیم ہے وہی مجھے ایڈوائس کر رہی ہے۔ نجی ٹی وی نے جو ویڈیو چلائی وہ ذلیل حرکت ہے۔ میرے عزیز دوست کے بیٹے کی شادی تھی دبئی میں مہندی کی تقریب تھی۔ آخر میں دلہا دلہن کے والدین مجھے آ گئے لے آئے ان کی خوشیوں میں شامل ہو گیا۔ پھر ایک اور ویڈیو دکھائی۔ وہ 14اگست کی ایوان صدارت میں تقریب تھی، قومی گیت چلائے جا رہے تھے ان کے ساتھ خوشی میں اگر بھنگڑا ڈال دیا تو کیا ہوا۔ اسے نجی چینل والے بتا رہے ہیں کہ یہ نائٹ کلب میں بھنگڑا ڈالا ہے۔ میں تو نائٹ کلب میں کبھی بھی نہیں گیا۔