پنجاب کی صنعتوں کو ہفتے میں 4 روز گیس فراہمی کا فیصلہ
لاہور (ایجنسیاں+ وقائع نگار خصوصی) سوئی ناردرن نے یکم اپریل سے پنجاب کی صنعتوں کو گیس فراہمی ایک روز مزید بڑھا کر ہفتے میں چار روز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ سی این جی سٹیشنز کو تین روز ہی گیس ملے گی۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائینز کے ایم ڈی عارف حمید کا صنتعکاروں سے ہونے والی ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ گیس کے شارٹ فال میں کمی ہو رہی ہے جس سے پنجاب کی صنعتوں کو یکم اپریل سے گیس کی فراہمی کا دورانیہ چوبیس گھنٹے بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دو کھاد فیکٹریوں کو گیس کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے جبکہ ایک پلانٹ کے متعلق فیصلہ سوموار کے روز ہو گا۔ جبکہ سوئی ناردرن گیس کے تبدیل شدہ شیڈول کے مطابق پنجاب میں سی این جی سٹیشنز تین روز کے لئے کھل گئے۔ پنجاب میں لاہور‘ شیخوپورہ‘ ساہیوال ‘ گوجرانوالہ‘ ملتان کے علاقوں میں سی این جی سٹیشنز پر صبح چھ بجے گیس بحال کر دی گئی جو پیر کی صبح چھ بجے تک فراہم کی جائے گی۔ دریں اثناءلاہور ہائی کورٹ نے پنجاب بھر میں ٹیکسٹائل ملوں کو گیس کی فراہمی میں بندش کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور اوگرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے اور کیس پر مزید کارروائی 28 مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے روبرو 47 یونٹوں کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان نے پیروی کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ دیگر صوبوں میں صنعتی یونٹوں کو ہفتہ میں سات دن گیس فراہم کی جاتی ہے جبکہ اس برعکس پنجاب میں امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے گیس نہ ملنے کے باعث صنعتی یونٹ تباہی کے دہانے آ کھڑے ہوئے ہیں اور پاکستان کو سالانہ اربوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔