نثار نے پارلیمانی کمیٹی کو بے معنی بنانے کی کوشش، اسکی آئینی حیثیت کو چیلنج کیا: شجاعت
اسلام آبا د( آئی این پی) ق لیگ کے سربراہ شجاعت حسین نے اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار کے نگران وزیراعظم کی تقرری کے لئے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کی آئینی مدت ختم ہونے سے پہلے نگران وزیراعظم کا معاملہ الیکشن کمشن میں طے ہونے کے بارے دیئے گئے بیان کو نامناسب اور پارلیمانی آداب کے منافی قرار دے دیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نے پارلیمانی کمیٹی کو بے معنی بنانے کی کوشش کی اور اسکی آئینی حیثیت کو چیلنج کیا ہے ۔ پھر ایسی کمیٹی میں بیٹھنے کا کیا فائدہ جو کوئی فیصلہ بھی نہیں کرسکتی ہے ۔ لگتا ہے کہ نثار کمیٹی میں اپنے ہی نامزد کردہ ارکان پر اعتبار اور اعتماد کرنے کے لئے تیار نہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ نگران وزیراعظم کی تقرری کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی ہی طے کرے گی ۔ میں اپنا اختیار کسی دوسرے کورٹ کو منتقل کرنے کے حق میں نہیں ہوں۔