خودکش بمبار، نشانہ باز تیار، مشرف کو واپسی پر قتل کر دینگے، طالبان کی دھمکی
اسلام آباد (ثناءنیوز+ اے ایف پی) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو پاکستان آنے پر قتل کی دھمکی دیدی۔ طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ اگر پرویز مشرف پاکستان آئے تو انہیں قتل کردیں گے۔ اس کیلئے ہم نے خودکش حملہ آوروں کا دستہ بھی تیار کرلیا ہے جو انہیں اگلی دنیا میں بھیج دیگا۔ کالعدم طالبان کی جانب سے ویڈیو میں مفرور شدت پسند عدنان راشد کو دکھایا گیا ہے جس میں اس نے بتایا کہ سابق صدر کے قتل کیلئے اسلامی مجاہدین پر مبنی سپیشل سکواڈ تیار کیا گیا ہے۔ ویڈیو پیغام کے مطابق سابق صدر پر حملے کیلئے خود کش بمبار، سنائپرز، سالٹ یونٹ اور مسلح لڑائی میں ماہر لڑاکا ٹیموں کو تیار کیا گیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق طالبان کا کہنا ہے کہ مشرف کو جہنم بھیجنے کیلئے مجاہدین تیار ہیں۔ ویڈیو میں عدنان رشید نے کہا ہے کہ مشرف کی حالت اس گیدڑ کیسی ہے جس کی شامت آئی ہے تو وہ شہر کا رخ کرتا ہے۔ واپسی پر ان کے تمام گناہوں کی سزا سنا دی جائیگی۔ تحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے پہلی بار بلوچستان میں لڑنے والے جنگجوﺅں کو تحریک طالبان میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے اسلامی احکامات کی تلقین کی۔