• news

تیز ہوا، بارش سے بھگدڑ، عمران خطاب مکمل کئے بغیر چلے گئے ‘لوگ کرسیاں اٹھا کر لے گئے سٹیج کی سیڑھیاں ٹوٹنے سے متعدد زخمی

لاہور (نیوز رپورٹر) مینار پاکستان کی گراﺅنڈ میں تحریک انصاف کے جلسے کے دوران تیز ہوا اور بارش ہوئی جس سے بعض لوگ گھروں کو جانا شروع ہو گئے۔ جب عمران خان خطاب کیلئے آئے تو انکے خطاب کے دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارش شروع ہو گئی۔ تیز ہوا نے بینر، سائن بورڈ اکھاڑ دیئے، بارش اور ہوا کے باعث عمران خان کو خطاب روکنا پڑا۔ شرکاءپناہ لینے کیلئے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ تیز ہوا سے پنڈال میں پڑی کرسیاں الٹ پلٹ گئیں۔ بھگدڑ کے دوران بعض لوگ کرسیاں اٹھا کر گھروں کو لے گئے۔ بارش کے دوران ہی عمران خان خطاب کئے بغیر جلسہ گاہ سے چلے گئے۔ بارش کے باعث بھگدڑ مچنے سے پنڈال کے بائیں جانب صحافیوں کیلئے بنائے جانے والے سٹیج کی سیڑھیاں ٹوٹ گئیں جس سے 2 نوجوان اور متعدد خواتین زخمی ہو گئیں۔ تیز بارش اور آندھی سے جلسہ منظم سے غیر منظم ہو گیا۔ جلسے کے شرکاءنے گدیاں، پلاسٹک کی کرسیاں سروں پر رکھیں اور اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہو گئے۔ بعض شرکاءہورڈنگ سروں پر رکھے رہے۔ جلسے میں بارش کی وجہ سے ہزاروں افراد کے موبائل فون خراب ہونے سے شرکاءکو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ بتایا گیا ہے شدید بارش اور آندھی کی وجہ سے پنڈال میں موجود ہزاروں مرد و خواتین کارکنوں کے انتہائی قیمتی موبائل فونز بارش کی وجہ سے خراب ہو گئے جس سے شرکاءکو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

ای پیپر-دی نیشن