• news

امریکی سینٹ پاکستان کی امداد میں کٹوتی کے معاملے کا جائزہ لے گی

واشنگٹن (اے ایف پی/ آن لائن) امریکی کانگریس کی تعطیلات کے بعد گزشتہ روز شروع ہونیوالے سینٹ کے اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ اور دیگر معاملات کے بارے میں 400 سے زائد ترامیم پر رائے شماری ہو گی۔ ان میں سے ایک تجویز میں پاکستان کی امداد میں کٹوتی کیلئے کہا گیا ہے جبکہ دیگر اہم ترامیم میں کئی لاز کو سخت بنانے، امریکی سرزمین پر امریکی شہریوں کو متوقع ڈرون حملوں سے بچانے اور دولت مندوں کو بیروزگاری معاوضے کی ادائیگی روکنے سے متعلق ہیں۔ سینٹ میں اکثریتی ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر ہیری ریڈ نے بتایا کہ سینٹ میں 400 سے زائد ترامیم پیش کی گئی ہیں، ان میں سے بیشتر کا تعلق نئے مالی سال 2014ءکے بجٹ سے ہے۔ 4 سالوں میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ ایوان میں اتنی بڑی تعداد میں ترامیم پر ووٹنگ ہو گی۔ آن لائن کے مطابق امریکہ کے ایک ری پبلکن منسٹر نے شکیل آفریدی کی رہائی تک پاکستان کی تمام امداد بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ری پبلکن منسٹر رانڈ پاﺅل نے سینٹ میں ایک قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان جب تک القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کی اطلاع فراہم کرنے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو جیل سے رہا اور انہیں ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی نہیں کراتا اس کی تمام بیرونی امداد معطل کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن