لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، ژالہ باری، چھت، بجلی گرنے سے 11 جاں بحق
لاہور (کامرس رپورٹر+ نیوز رپورٹر+ اپنے نمائندے سے+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری سے موسم خنک ہو گیا۔ آسمانی بجلی اور چھتیں گرنے سمیت مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق 15 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ سہ پہر اور رات بھر وقفے وقفے سے تیز ہواﺅں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے ہر طرف جل تھل اور موسم سرد کر دیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ بارش اور تیز ہواﺅں کے باعث شہر میں 104 بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے شہر کا بڑا حصہ رات بھر اندھیرے میں ڈوبا رہا۔ ایمپریس روڈ پر تیز ہواﺅں کے باعث درخت رکشے پر گرنے سے اس میں سوار نامعلوم خاتون ہلاک، اسکا 2 سالہ بیٹا اور ڈرائیور شدید زخمی ہو گئے۔ مصری شاہ میں ہواﺅں کے باعث بجلی کے تار ٹوٹ کر گرنے اور کرنٹ لگنے سے ایک راہگیر دم توڑ گیا۔ لارنس روڈ پر درخت گرنے سے نامعلوم خاتون، ڈیفنس میں سائن بورڈ گرنے سے موٹر سائیکل سوار سلیم شدید زخمی ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال اور دیگر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ دریں اثناءمریدکے سے نامہ نگار کے مطابق بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے بھیانوالہ روڈ پر ایک گھر کے صحن میں موجود جاوید بھٹی کی 40 سالہ بیوی آسیہ جاں بحق، والدہ آمنہ بی بی، بچے فرزانہ، امجد، احمد اور مریم بری طرح جھلس گئے۔ بزرگ خاتون کی حالت نازک بیان کی جا رہی ہے جسے لاہور ریفر کر دیا گیا۔ دریں اثناءجھنگ کے علاقے اٹھارہ ہزاری کے موضع جبوآنہ میں تیز بارش کے دوران گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے محنت کش عارف علی کی بیوی رضیہ اور 2 بچے 10 سالہ رمضان اور 8 سالہ وسیم جاں بحق 2 بچے زخمی ہو گئے۔ اس سانحہ پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔ ادھر خیبر پی کے کے علاقے کرک میں موسلادھار بارش کے باعث ایک گھر کی چھت گرنے سے 5 افراد دم توڑ گئے۔ دیگر تفصیلات کا علم نہیں ہو سکا۔