مولانا محمد احمد لدھیانوی کی طاہرالقادری سے ملاقات، اہلسنت قوتوں کے اتحاد پر اتفاق
اسلام آباد (آئی این پی) تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی دعوت پر اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے گذشتہ روز منہاج القرآن سیکرٹریٹ لاہورکا خصوصی دورہ کیا۔ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری سے ملاقات میں دینی و ملکی معاملات پر خصوصی گفتگو کی گئی، ملک کی بہتری کے لئے اہلسنت دینی قوتوں کو یکجا کرنے پر اتفاق ہوا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ ملک پرمسلط دھوکے بازاور کرپشن زدہ افراد سے چھٹکارہ دلانے کے لئے دینی قوتوں کا کردار اہم ہے، دینی قوتوں کو ہمیشہ سیاسی شعبدہ بازوں نے اپنے مفادات کے لئے استعمال کیا، ہم چند گھرانوں پر مشتمل افراد کو بار بار آزما رہے ہیں جنہوں نے ہمیشہ اسلام اور ملکی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی، 62,63 پر عمل درآمد سے آدھے سے زیادہ سیاسی شعبدہ باز سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔دریں اثناءعوامی تحریک پنجاب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دہشت گردی انتہا پسندی اور نام نہاد جمہوریت کے لبادے میں نااہل سیاستدانوں کی وجہ سے پچھلی کئی دہائیوں سے نظریہ پاکستان پر حملے ہو رہے ہیں۔ آج ہر پاکستانی کو کرپٹ نظام انتخاب کے خاتمے کی جہد مسلسل کا حصہ بننے کا عہد کرنا ہو گا تاکہ ملک میں حقیقی جمہوریت کا سویرا طلوع ہو سکے۔ پولنگ ڈے پر پورے ملک میں پولنگ سٹیشنوں سے دور کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف پرامن دھرنے دیئے جائیں گے۔