چینی فوج کی سرگرمیاں اور سرحد پار دہشتگردوں کے تربیتی کیمپ امن کیلئے خطرہ ہیں
نئی دہلی (آن لائن) بھارت نے پاکستان اور چین کیخلاف ڈھنڈورا پیٹتے ہوئے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ چینی فوج کی سرگرمیاں اور سرحدپار دہشت گردوں کے تربیتی کیمپ امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں جبکہ چینی سرگرمیوں کا توڑ کرنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں اضافی فوجی تعینات اور دراندازی روکنے کیلئے فوج کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ریاستی اخبارکی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری سالانہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جدید خطوط پر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے خصوصاً چین کی بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں کو ملکی امن و سلامتی کیلئے باعث تشویش قرار دیتے ہوئے چین بھارت سرحد پر اضافی فوج تعینات کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ سالانہ رپورٹ میں مزید الزام لگایا گیا ہے کہ پاکستان میں 42 کے قریب تربیتی کیمپ موجود ہیں جہاں سینکڑوں کی تعداد میں جنگجو بھارت کے اندر دہشت گردی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے اس پار تربیتی کیمپوں کو منہدم کرنے تک یقینی طور پر کچھ کرنا ہوگا۔