• news

نمائندہ منتخب کرنا پاکستانی عوام کا حق ہے: امریکی محکمہ خارجہ‘مشرف کو مدد کا جواب دینے سے انکار

نیویارک (نمائندہ خصوصی) امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے بریفنگ کے دوران اس سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا کہ آیا مشرف کو پاکستان واپسی میں امریکہ کی کوئی مدد حاصل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ میں صرف یہ کہوں گی کہ یہ فیصلہ کرنا پاکستان کے عوام کا کام ہے کہ انکے نمائندے کون ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان قومی اسمبلی کے انتخابات کیلئے 11 مئی کی تاریخ کا اعلان کرچکا ہے۔ امریکہ چاہتا ہے اور اس بات کا منتظر ہے پاکستان میں مقررہ وقت پر آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوں جس کے نتیجے میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سویلین حکومت منتخب جمہوری حکومت کو اقتدار منتقل کریگی۔ انتخابات کے موقع پر مبصرین پاکستان بھیجنے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا امریکہ، پاکستان کی ہر قسم کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔ پاکستان میں شفاف انتخابات کیلئے امریکہ متعدد پروگراموں میں مدد فراہم کررہا ہے۔ انتخابی ورکرز کی تربیت کیلئے ہم نے فنڈز فراہم کئے ہیں۔ اس سلسلے میں امریکہ مجموعی طور پر 65 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کر رہا ہے۔ یہ امداد کیری لوگر بل کے تحت دی جا رہی ہے۔ آن لائن کے مطابق وکٹوریہ نولینڈ نے نیوز بریفنگ کے دوران بتایا پاکستان میں شفاف انتخابات کے لئے امریکا کی جانب سے مختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا اپنا نمائندہ منتخب کرنا پاکستانی عوام کا حق ہے۔

ای پیپر-دی نیشن