• news

الیکشن کمشن کا فیصلہ قبول‘ یقین ہے ہزار خان کھوسو عوامی توقعات پر پورا اترینگے: سیاسی قائدین

اسلام آباد + لاہور (نوائے وقت نیوز + خبرنگار + ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری، مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف، قائد حزب اختلاف چودھری نثار، ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین، جے یو آئی ف کے رہنما مولانا فضل الرحمن اور دیگر سیاسی قائدین نے نگران وزیراعظم نامزد ہونے پر میر ہزار خاں کھوسو کو مبارکباد دی ہے اور اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ وہ ملک و قوم کی توقعات پر پورا اترینگے۔ ان سیاسی قائدین نے کہا کہ ہمیں الیکشن کمشن کے فیصلے پر اعتماد ہے۔ صدر زرداری نے نگران وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انکی تقرری سے آئینی طریقہ کار مکمل ہوگیا اور ملک میں اب شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی ہے۔ صدر نے کہا کہ اب اگلے مرحلے میں ملک میں انتخابات ہونگے اور انتخابات کے بعد اقتدار عوام کے منتخب نمائندوں کو پرامن اور جمہوری طریقے سے منتقل ہوجائینگے۔ نگران حکومت کی زیر نگرانی آئندہ عام انتخابات انتہائی اہم ہیں۔ عوام ووٹ کے ذریعے نمائندے منتخب کریں۔ مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے کہا کہ نگران وزیراعظم کی نامزدگی کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ نگران وزیراعظم سے متعلق الیکشن کمشن نے درست فیصلہ کیا۔ الیکشن کمشن کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں۔ چودھری نثار علی خان نے نگران وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں الیکشن کمشن کے فیصلے پر مکمل اعتماد ہے اور ہمیں پورا یقین ہے وہ بھی اعتماد پر پورا اتریں گے۔ فاروق ایچ نائیک نے نگران وزیراعظم کو مبارکبا دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے جمہوریت اور آئین کی فتح ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور ہم نے جمہوری انداز میں میر ہزار خان کھوسو کو اس لئے نامزد کیا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ وہ غیر جانبدار شخص ہیں اور وہ غیر جانبدارانہ طریقے سے نگران حکومت چلا کر ملک میں شفاف انتخابات کو یقینی بنائینگے۔ ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین ‘ چودھری پرویز الہی، سابق وفاقی وزیر خورشید شاہ سمیت دیگر سیاسی رہنماﺅں نے بھی نگران وزیراعظم کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی ہے۔ مو لا نا فضل الرحمن نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کےلئے جسٹس(ر) ہزار خان کھوسو کا اعلان خوش آئند ہے ہم الیکشن کمشن کے فیصلے کو بہتر سمجھتے ہیں۔ اپوزیشن اور حکومت کا متفق نہ ہونا اچھی روایت نہیں بہتر ہو تا کہ حکومت اور اپو زیشن کسی نگران وزیر اعظم کے نام پر متفق ہوتے۔ اس وقت نگران وزیر اعظم بھی مسئلہ بنا ہو ا تھا اچھا ہو ا یہ بحران ختم ہوا ہے۔ ہم امید کریں گے کہ نگران وزیر اعظم غیر جانبدرانہ اور منصفانہ الیکشن کرانے کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور کابینہ میں بھی با کردار افراد کو شامل کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں الیکشن کمشن پر مکمل اعتماد ہے۔ چودھری پرویز الہی نے کہا کہ میر ہزار خان کھوسو کا بطور نگران وزیراعظم تقرر خوش آئند ہے۔ ہماری دعا ہے کہ پنجاب میں بھی ایسا ہی نگران وزیراعلی آئے۔ الوداع ہونے والے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے میر ہزار کھوسو کو فون کرکے انہیں نگران وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔ صدر پیپلز پارٹی پنجاب میاں منظور احمد وٹونے نگران وزیراعظم کے لئے میرہزار خان کھوسو کی تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اس ملک میں آزاد اور منصفانہ الیکشن کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ نگران وزیر اعظم کوانکی تقرری پر مبارکباد کے پیغام میں میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لئے جمہوری عمل کے ذریعے منتخب نگران حکومت کی زیر نگرانی ہونے والے آئندہ انتخابات انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نگران وزیر اعظم اپنی کابینہ میں صاف ستھرے لوگوں کو شامل کریں گے اور تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ نگران وزیر اعظم کے انتخاب کے بعد آئین کی درست عملداری کا آغاز ہو چکا ہے ، ا ور آئین ناکام نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام ووٹ کے ذریعے توقعات پر پورا اترنے والے نمائندوں کو ہی منتخب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کے تقرر پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے ، الیکشن کمیشن نے آئینی تقاضے کو پورا کیا۔ آئی این پی کے مطابق مشاہد حسین سید نے کہا چودھری شجاعت حسین نے نگران وزیراعظم کے انتخاب کا معاملہ الیکشن کمشن کے سپرد ہونے کے بعد ایوان صدر میں عشائیہ کے موقع پر واضح طور پر پیشگوئی کر دی تھی کہ جسٹس (ر) میر ہزار خان کھوسو نگران وزیراعظم ہوں گے۔ اس کا انکشاف انہوں نے میڈیا سے گفتگو اور پارٹی امیدواروں سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے میر ہزار خان کھوسو کے نام کے اعلان کے بعد وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے چودھری شجاعت حسین کو فون کرکے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم کے بارے میں آپ کا کہنا درست ثابت ہوا آپ نجومی تو نہیں؟ میڈیا نے جب اس بارے میں چودھری شجاعت حسین سے استفسار کیا تو انہوں نے پنجابی میں کہا کہ ”میں نجومی نہیں بلکہ میں نے تو گویڑ (اندازہ) لگایا سی“۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے میر ہزار خاں کھوسوکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ انتخابات کے بروقت انعقاد اور انہیں صاف و شفاف بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور تجربہ بروئے کار لائیں گے۔ الطاف حسین نے نگراں وزیراعظم کی توجہ الیکشن کمشن کی جانب سے کراچی کے متعدد انتخابی حلقوں میں کی جانے والی تبدیلیوںکی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ آئین اور قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام میں اس فیصلے پر شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوںنے امید ظاہر کی نگران وزیر اعظم اس ناانصافی کا خاتمہ کرائیںگے۔ قائد ملت جعفریہ ملی یکجہتی کونسل کے قائم مقام سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے میر ہزار خان کھوسو کو نگران وزیراعظم مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نگران وزیراعظم غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ الیکشن کمشن کے فیصلے کو پیپلز پارٹی خوش آمدید کہتی ہے، جماعت اسلامی کے پروفیسر خورشید احمد نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کا معاملہ مسئلہ کامیابی یا ناکامی کا نہیں اصل مسئلہ غیر جانبدار الیکشن کا انعقاد ہے۔ نگران حکومت پیپلز پارٹی کی پری پول دھاندلی کو ختم کرے گی۔ الیکشن کے معاملات میں پولیس اور بیورو کریسی کی مداخلت بھی بند کرے گی ۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رفیق رجوانہ نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگران وزیر اعظم کے معاملے پر اختلافات رائے تھا اسے کسی ایک جماعت کی کامیابی یا ناکامی تصور نہیں سمجھنا چاہیے، امید ہے کہ نگران حکومت شفاف اور غیر جانبدار الیکشن منعقد کرائے گی۔ ق لیگ کے رہنما وسیم سجاد نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کے معاملے پر حکومت اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے نہ ہونا سیاسی جماعتوں اور جمہوری قوتوں کی ناکامی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 20 ویں آئینی ترمیم کی روح کے مطابق صوبہ خیبر پی کے میں صحیح فیصلہ ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن