بیٹنگ فلاپ‘ ناقص فیلڈنگ‘ جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے کر ون ڈے سیریز بھی جیت لی
بینونی (نوائے وقت رپورٹ) جنوبی افریقہ نے پانچویں ون ڈے میں پاکستان کو 6 وکٹ سے ہرا کر سیریز 3-2 سے جیت لی، میزبان کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے 95 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقی شہر بینونی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور پوری قومی ٹیم 49.1 اوورز میں 205 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقہ نے 206 رنز کا ہدف 4 وکٹ پر 44ویں اوور کی آخری گیند پر پورا کر لیا۔ جنوبی افریقی کھلاڑی کوئنٹن ڈی کوک کو جنید خان نے 3 رنز پر بولڈ کیا جبکہ کولن انگرام 15 کے انفرادی سکور پر حفیظ کا شکار بنے۔ جس کے بعد ہاشم آملا اور کپتان ڈی ویلیئرز نے 49 رنز کی شراکت قائم کی، ہاشم آملا 22 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے تاہم میزبان قائد کی ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رہی، انہوں نے فرحان بہر دین کے ساتھ مل کر ٹیم کیلئے 87 قیمتی رنز جوڑے۔ فرحان بہر دین عرفان کی گیند پر سعید اجمل کو کیچ تھما بیٹھے، اس وقت میزبان ٹیم کا سکور 170 رنز تھا، انہوں نے 35 رنز بنائے۔ اے بی ڈی ویلیئرز پاکستانی بولرز کے سامنے ڈٹے رہے اور اپنی ٹیم کیلئے وننگ سٹروک کھیلا تاہم وہ اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 95 رنز پر ناٹ آوٹ رہے، انہوں نے 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ پروٹیز کپتان کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔