• news

میرانشاہ: چیک پوسٹ پر خود کش حملہ‘ مزید 9 اہلکار جاں بحق‘ مرنیوالوں کی تعداد 17 ہو گئی

میرانشاہ (نیٹ نیوز) شمالی وزیرستان کے شہر وانا میں میر علی روڈ پر سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر واٹر ٹینکر خودکش دھماکے میں مرنیوالے اہلکاروں کی تعداد 17 ہوگئی۔ 15 سے زائد شدید زخمیوں کو مختلف فوجی ہسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ سہ پہر ایک واٹر ٹینکر جو بارود سے بھرا تھا کو خودکش حملہ آور نے سکیورٹی فورسز کی عیسیٰ چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دیا زبردست دھماکے سے چوکی تباہ ارد گرد کی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ حملے میں انجینئرنگ کور کے لیفٹیننٹ کرنل محمد جنید اور ایف سی کے 8 اہلکار موقع پر ہلاک جبکہ 12 سے زائد شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت نازک بیان کی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز9 زخمی اہلکار مختلف ہسپتالوں میں دم توڑ گئے تاہم دوسرے روز بھی کسی گروپ یا تنظیم نے حملہ کرنے کی ذمہ داری قبول نہیں، سکیورٹی حکام اور تفتیشی افسروں نے تباہ شدہ ٹینکر اور حملہ آور کی باقیات اکٹھی کرکے تحقیقات شروع کردی ہے مگر انہیں کوئی سراغ نہیں ملا کہ حملے میں کون ملوث ہے اور ٹینکر میں کتنا بارود فٹ کیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن