کوئٹہ: پرویز مشرف کی وطن واپسی کےخلاف ریلی، نعرے بازی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) عوامی مجلس عمل پاکستان، خلجی قومی اتحاد انٹرنیشنل، نیازی قومی اتحاد کے زیر اہتمام سابق آمر پرویز مشرف کی پاکستان آمد کے خلاف مرکزی سیکرٹریٹ سے ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پہنچ کر مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی جس کی قیادت نواب سلمان خان خلجی اور میراجان نیاز، سردارحمیداللہ جان خلجی، طاہرخان خلجی، حاجی قادرخلجی، سردار صدیق ہوتک، اورنگ شاہ خلجی کر رہے تھے ریلی کے شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سابق آمرپرویز مشرف کی غلط پالیسیوں کی بدولت بلوچستان کے بزرگ رہنما نواب اکبر بگٹی کو شہید کرکے بلوچستان کو بارود کاڈھیر بنا دیا بعد میں لال مسجد میں معصوم طلباءاور علماءکا وحشیانہ قتل عام کرایا قوم کی بیٹی ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو امریکہ کے حوالے جبکہ قومی ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر کو بے جا پابندیوں کا شکار بنایا گیا اب مشرف کی آمد پاکستان پر ایک نئی آفت کا اشارہ دے رہی ہے کیونکہ آج ملک میں جاری دہشت گردی کا سبب بھی پرویز مشرف ہے جس کی بدولت ہمارے بھائی جو کہ حکومت پاکستان کے خلاف پہاڑوں پر چڑھے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ سابق آمر پرویز مشرف پاکستان کا وفادار نہیں بلکہ امت مسلمہ اور قبائل کا قاتل ہے افسوس کا مقام ہے کہ ایک قاتل قوم فروش کو حکومت کی طرف سے مکمل سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جو پاکستان اور قانون کی توہین ہے مقررین نے کہا کہ فوری طور پر پرویز مشرف کو گرفتار کرکے سکیورٹی واپس لی جائے اور اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اگر اس کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو ہم ہائی کورٹ بلوچستان کے سامنے شدید احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان مشرف کی آمد کا از خود بھی نوٹس لیں مظاہرین نے سابق آمر پرویز مشرف کا پوٹریٹ بھی نذرآتش کیا اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔