یوم پاکستان باڈی بلڈنگ مقابلہ لاہور کے ایتھلیٹ نے جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) یوم پاکستان باڈی بلڈنگ کا مقابلہ لاہور کے حافظ ناصر نے جیت لیا۔ انجینئرنگ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں ہونے والے مقابلے میں 40 سے زائد تن سازوں نے حصہ لیا۔ حافظ ناصر نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ رفیع الرحمان نے دوسری اور ساگر ملک نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شیخ فاروق اقبال نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے تن سازوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر شیخ فاروق نے کہا کہ پاکستان کے اہم دنوں پر تن سازی کے مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے جس سے نوجوان تن سازوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے۔ ایسے مقابلوں کا انعقاد ہوتا رہنا چاہیے۔ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کھیل کی ترقی کے لیے قومی تن سازوں کو قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔